پاکستان

آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیرکاشکار ہونے پر چین نے مدد کی، وزیراعظم

مشکلات کے باوجود معاشی بحالی کےلئے پرعزم ہیں، 1200میگاواٹ نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ 5 معاہدہ پاک چین دوستی کا ایک اور سنگ میل ہے، شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مشکل معاشی حالات کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کےلئے پرعزم ہے، چین کی جانب سے3ارب 48کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری مثبت اقدام ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ تاخیرکاشکار ہونے پر چین نے ہماری مدد کی۔

منگل کو1200میگاواٹ کے چشمہ فائیو جوہری بجلی گھرکی تعمیر کی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

اس تقریب میں وزیراعظم کی موجودگی میں چین کی نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پردستخط کئے گئے۔

اس موقع پر وفاقی وزرا سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، احسن اقبال، خرم دستگیر کے علاوہ چینی حکام بھی موجود تھے۔

چشمہ 5 نیوکلیئر پلانٹ کی تعمیر کی مفاہمتی یادداشت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ یہ 2 عظیم دوست ممالک چین اور پاکستان کے درمیان ایک اہم موقع ہے، چشمہ سی فائیو 1200 میگاواٹ کا نیوکلیئر پاور پروجیکٹ ہے جس پر کسی تاخیر کے بغیر کام شروع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون میں ایک اہم پیش رفت ہے، پاکستان کو درپیش اس مشکل معاشی صورتحال میں چین کی جانب سے اس منصوبے میں 3ارب 48کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری یہ واضح پیغام دیتی ہے چینی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد برقرار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین ایسے وقت میں ہماری مدد اور ریسکیو کے لیے آگے آیا جب پاکستان کو معاشی چیلنجز درپیش ہیں اور آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر ہورہی ہے، پاکستان کو چین کے علاوہ دیگر دوست ممالک کا بھی تعاون حاصل رہا ہے لیکن خاص طور پر اس موقع پر چین کی جانب سے مالی مدد انتہائی اہم ہے جس کا جتنا شکر ادا کیا جائے کم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں پاکستانی قوم کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ چینی کمپنی ’چائنا نیوکلیئر کوآپریشن‘ اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے درمیان چشمہ (سی) فائیو نامی 1200 میگاواٹ کا نیوکلیئر پلانٹ کی تعمیر کا معاہدہ ہوا ہے، 3ارب 48کروڑ ڈالر لاگت کا یہ منصوبہ بہت جلد تعمیر کے مراحل طے کرلے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی بنیاد سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورِ حکومت میں رکھی گئی تھی جسے پچھلی حکومت نے سرد خانے میں ڈال دیا تھا اور آج اسے عملی جامہ پہنانے کے لیے معاہدہ ہوا ہے، میری درخواست پر چینی کمپنی نے اس منصوبے کی لاگت میں مہنگائی کی عالمی شرح کے مطابق اضافہ نہیں کیا اور ہمیں 30 ارب روپے کا ڈسکاؤنٹ بھی دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین نے ہمارے قرضوں کی تجدید کی جو کہ پاکستان کے ساتھ چین کی لازوال دوستی کا نمونہ ہے، دوست وہی ہوتا ہے جو آڑے وقت میں کام آئے، چین پاکستان کی پوری تاریخ میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔

وزیراعظم نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا

بعد ازاں وزیراعظم نے مارگلہ ایونیو منصوبے کا افتتاح کردیا، 10.4کلومیٹر شاہراہ جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والوں کو ایک متبادل راستہ فراہم کرے گی، یہ شاہراہ سنگجانی سے ڈی 12 تک ہوگی، اس منصوبے پر2 ارب 69کروڑ 91 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ ،سابق اراکین قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی،ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، انجم عقیل خان کے علاوہ مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے رہنما بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کا آغاز جون 2021 میں کیا گیا, دسمبر2022 میں اس کا سنگ بنیاد رکھا گیا، اس منصوبے میں شاہ اللہ دتہ کے مقام پر ایک انڈر پاس شامل کیا گیا جس کی وجہ سے اس کی لاگت اور تکمیل کی مدت میں تبدیلی آئی، اس شاہراہ سے جی ٹی روڈ سنگجانی سے ڈی 12 تک کا سفر کم ہوکر کچھ منٹ کا رہ گیا، اس کی وجہ سے سری ینگر ہائی وے پر ٹریفک کا بہاؤ کم ہوا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مقامی لیبر اور تعمیراتی مواد سے متعلق انڈسٹری کو فروغ ملا، اس شاہراہ سے اس علاقے کے لوگ بھی مستفید ہوں گے، اس شاہراہ کے اطراف میں سی ڈی اے کی جانب سے شجرکاری بھی کی گئی ہے، اس موقع پر وزیراعظم کو اس منصوبے کا ماڈل پیش کیا گیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ سڑک جی ٹی روڈ سے مل جائے گی، یہ تمام اقدمات اسلام آباد اور ملحقہ علاقوں کی ترقی و خوشحالی کے لیے کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال طوفانی سال رہا جس میں پاکستان کو ڈی ریل اور غیرمستحکم کرنے کے لیے سیاسی ہلچل مچائی گئی، سازشیں کی گئیں، امریکا نواز حکومت کا الزام لگایا گیا، بالآخر 9 مئی کو ان کی سازشیں انتہاؤں کو چھو گئیں اور وہ کام ہوا جو دشمن بھی نہیں سوچ سکتا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ان شا اللہ پاکستان قائد کا پاکستان بنے گا، آج صبح چین کے ساتھ 1200 میگاواٹ کا نیوکلیئر پاور پروجیکٹ کا بھی معاہد ہوا ہے، پاکستان میں ایٹمی پلانٹ نواز شریف کے دور میں لگے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 4 برسوں میں عمران خان نے چین کے حوالے سے ہر چیز بند کردی تھی، الٹے سیدھے الزامات لگائے کہ شہباز شریف نے سی پیک منصوبوں میں سے 45 فیصد کمیشن کھایا ہے، اگر ایسا تھا تو 4 سال مجھے جیلوں میں گھماتے رہے اُس وقت ثبوت لے آتے، خدا کا شکر ہے کہ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوگیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر آج ہم اختلافات اور سازشیں ختم کرکے قوم کی طرح آگے بڑھنے کا وعدہ کریں تو جس سفر میں ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں اس میں جلد آگے نکل جائیں گے۔

پولیس لائنز اسلام آباد میں ہسپتال اور پولیس شہدا ماڈل کالج کا سنگ بنیاد

اسلام آباد میں پولیس لائنز ہسپتال اور پولیس شہدا ماڈل کالج کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بہت خوشی ہوئی کہ یہاں پر ڈولفن فورس بنانے کا پروگرام بنایا گیا ہے جس کے لیے میں وزیر داخلہ کو کہوں گا کہ فی الفور یہ پلان تیار کریں اور اسلام آباد کی ڈولفن فورس ترکی کے تعاون کے ساتھ بنائیں گے جو پورے پاکستان میں ماڈل فورس ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس فورس کی تیار ی لیے نوجوانوں کو ترکی بھجیں گے اور وہاں سے انسٹرکٹر یہاں بلوائیں گے، میں وزیر داخلہ سے اس کے لیے ایک جامع پلان لانے کی درخواست کرتا ہوں۔

شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو مضبوط بنانے کے لیے مشکل معاشی حالات کے باوجود تمام وسائل مہیا کیے جائیں گے، اگر تمام محکموں میں مریٹ پر بھرتیاں ہوں گی تو کوئی اس قوم کی ترقی کا راستہ نہیں روک سکے گا، سفارش، رشوت اور برادری ازم نے ملک میں بے پناہ نقصان کیا ہے، میری اور نواز شریف کی ہمیشہ یہ پالیسی رہی ہے کہ قابلیت اور میرٹ وہ معیار ہے جس کی بنیاد پر قوم کے ہر جوان کو پرکھا جاتا ہے۔

وزیراعظم کا پاکستان سویٹ ہومز کو 4 ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ

وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کو ٹرانسپورٹ وینز کا عطیہ پیش کیا، ٹرانسپورٹ وینز کی چابیاں پاکستان سویٹ ہومز کے چیئرپرسن زمرد خان کے حوالے کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان سویٹ ہومز کیڈٹ کالج میں زیرتعلیم بچوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ زمرد خان نے جو بیڑہ اٹھایا ہے اللہ تعالیٰ انہیں اس کا اجر عطا فرمائے۔

انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ محنت سے تعلیم حاصل کریں اور قوم کے عظیم معمار بنیں، آپ پاکستان کا مستقبل ہیں۔

اس موقع پر زمرد خان نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور مسلم لیگ (ن) کےدیگر رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم کی جانب سے پاکستان سویٹ ہومز کو 4 گاڑیاں عطیہ کی گئیں جن کی مالیت 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں کے ساتھ وین میں سوار ہوکربچوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے بچوں سے کہا کہ وہ تعلیم حاصل کرکے ملک وقوم کی خدمت کریں، انجینئرز، ڈاکٹرز، سائنس دان،زرعی اور آئی ٹی کے ماہر بنیں اور پاکستان کی خدمت کریں، ہم نے مل کر پاکستان کوصحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنانا ہے۔

اس موقع پر بچوں کی خوشی دیدنی تھی ، بچوں نے پاکستان اوروزیراعظم زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) سرگرم

’آئٹم سانگ‘ میں ادھورے کپڑے پہننے کا فیصلہ بعض مرتبہ ذاتی ہوتا ہے، ژالے سرحدی

چین امریکا مذاکرات کا اختتام، تعلقات پر جمی برف پگھلنے لگی