پاکستان

خیبرپختونخوا کے 4 اضلاع میں موسلادھار بارش، 7 افراد جاں بحق

72 افراد زخمی ہوگئے، متاثرین کو فوری امداد کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، کمشنر بنوں

گزشتہ روز پشاور کے علاوہ بنوں ڈویژن کے 3 اضلاع میں ہونے والی موسلادھار بارش کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 72 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق بنوں ڈویژن میں 5 افراد جاں بحق اور 67 زخمی ہوئے جبکہ پشاور میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔

بنوں کے کمشنر پرویز سبط خیل نے بتایا کہ بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان کے اضلاع میں آندھی کے ساتھ تیز بارش ہوئی کس کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف حادثات میں ضلع بنوں میں 3 افراد جاں بحق اور 51 زخمی ہوئے، جبکہ ضلع لکی مروت میں ایک شخص جاں بحق اور 16 زخمی ہوئے، علاوہ ازیں شمالی وزیرستان کے ضلع میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے اور نقصانات کا جائزہ لینےکے لیے ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بھیج دی گئی ہیں، متاثرین کو فوری امداد کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج، پولیس، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، بنوں ڈویژن کے تمام ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

جنوبی اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارشیں ہوئی جس سے مکانات کو نقصان پہنچا اور سڑکیں اور گلیاں زیر آب آگئیں، مقامی لوگوں نے بتایا کہ دوپہر کے وقت تیز ہوائیں چلنا شروع ہوئیں اور پھر لکی مروت اور بنوں کے اضلاع میں موسلادھار بارش ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارش سے مکانات اور دیواروں کو نقصان پہنچا ہے، بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی میں خلل پڑا، موسلادھار بارش سے شہری علاقوں کی سڑکیں اور گلیاں بھی زیر آب آگئیں جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا، تیز ہواؤں اور بارش کے سبب لوگ گھروں تک محدود رہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ انہوں نے بنوں کے علاقے ککی، خجاری اور ہوید میں 15 افراد کو بچا کر ہسپتالوں میں منتقل کردیا۔

پشاور میں ریسکیو 1122 کے حکام نے بتایا کہ بارش کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم، مرطوب اور جزوی طور پر ابر آلود رہا، تاہم بنوں، پشاور اور دیر میں آندھی اور بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ضلع بنوں میں 24 ملی میٹر جبکہ دیر میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ ضلع بنوں میں زیادہ سے زیادہ 85 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں ریکارڈ کی گئیں جبکہ پشاور میں 45 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔

تاہم (آج) پیر کو صوبے کے میدانی علاقوں میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب جبکہ پہاڑی علاقوں میں گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، علاوہ ازیں شام کے وقت ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، کوہستان، شانگلہ، سوات، بونیر، مالاکنڈ، لوئر اور دیر بالا کے اضلاع میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ شام/رات کے وقت صوبے کے میدانی علاقوں میں گردو غبار / تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

بنوں اور لکی مروت سمیت جنوبی اضلاع میں 10 جون کو تیز بارش اور ژالہ باری کے پہلے اسپیل کے دوران کم از کم 27 افراد جاں بحق اور 145 زخمی ہوئے تھے۔

مسلم لیگ (ن) کیلئے اتحادی جماعتوں کو مطمئن کرنا چیلنج بن گیا

نصف صدی بعد پولیو سے تحفظ کی نئی طاقتور ویکسین تیار

امریکا اور چین کا تعلقات معمول پر لانے کیلئے بات چیت کو فروغ دینے پر اتفاق