اداکارہ نیمل خاور پر چہرے کی سرجری کروانے کا الزام، ساتھی اداکارائیں حمایت میں سامنے آگئیں
پاکستانی اداکارہ نیمل خاور اس وقت سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان پر چہرے کی سرجری کروانے کا الزام عائد کیا جارہا ہے۔
نیمل خاور پاکستانی اداکارہ ہیں، انہوں نے بہت کم ٹی وی ڈراموں میں کام کیا ہے، البتہ وہ مختلف فیشن برانڈز کے لیے ماڈلنگ کرتی بھی نظر آتی ہیں۔
اداکارہ کے شوہر پاکستان کے جانے مانے نامور اداکار حمزہ علی عباسی ہیں، سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق حمزہ علی عباسی کی بہن فضیلہ عباسی ماہر امراض جلد ہیں، پاکستان کی نامور شخصیات بھی ان کے کام کو بےحد پسند کرتے ہیں۔
دوسری جانب نیمل خاور سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر آئے روز اپنی تصاویر پوسٹ کرتی رہتی ہیں، گزشتہ کچھ ماہ سے سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے کاسمیٹک سرجری کروانے کا الزام عائد کیا جارہا ہے ۔
مداح ان کے چہرے کے خدوخال میں نمایاں تبدیلی اور فرق دیکھ کر حیران رہ گئے، اس سے قبل اداکارہ پر ناک کی سرجری اور بوٹاکس انجیکشن لگوانے کا بھی الزام عائد کیا گیا تھا۔
صارفین نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’نیمل خاور کی قدرتی خوبصورت ماند پڑ گئی ہے۔‘
کچھ صارفین کا ماننا تھا کہ یہ سرجری حمزہ کی بہن فضیلہ عباسی نے کی ہے جو کہ ایک کاسمیٹک سرجن ہیں۔
ایک صارف نے انتہائی دکھ بھرے انداز میں لکھا کہ ’نیمل ایسا نہیں کرسکتی، وہ پہلے بہت حسین نظر آتی تھی، اب انہوں نے اپنی خوبصورتی کو ختم کردیا ہے۔‘
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’نیمل کو اب ’نعم البدل‘ پکارنا چاہیے۔‘
ایک صارف نے تو نیمل خاور کو پاکستانی اداکارہ سارہ لورین (مونا لیزا) سے مشابہت قرار دے دیا۔
ایک جانب نیمل کو چہرے کے خدوخال بدلنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے وہیں کچھ صارفین نے اداکارہ کی حمایت کرتے ہوئے اسے نجی معاملہ قرار دےدیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ تنقید کرنا بند کریں، اگر انہوں نے یہ خود کے لیے کیا ہے تو دوسرے لوگوں کو کیا تکلیف ہے؟ کیا انہوں نے اس کے لیے آپ کو رقم ادا کرنے کو کہا تھا؟ اور ایک صارف نے لکھا کہ ’نیمل سرجری سے پہلے اور بعد میں جیسے بھی نظر آرہی ہے، یہ ان کا نجی معاملہ ہے‘۔
نیمل خاور کی حمایت میں شوبز انڈسٹری کی دیگر اداکارائیں بھی سامنے آگئیں، مایا علی، غنا علی اور متھیرا اور عائشہ ملک نے نیمل خاور کی تصویر پر کمنٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ پہلے جیسی حسین نظر آرہی ہیں، کوئی فرق نظر نہیں آرہا ہے،‘
متھیرا نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ ’لوگ جس طرح کے تبصرے کررہے ہیں میں واقعی پریشان ہوگئی ہوں، ہمیں سمجھنا چاہیے کہ یہ اس کا چہرہ ہے، یہ اس کی پسند ہے، اور وہ دونوں طرح سے خوبصورت دکھائی دے رہی ہیں، ہمیں یہ سمجھنا چاہئے کہ آپ کی تنقید اور تبصروں سے کسی کا ذہنی سکون برباد ہوسکتا ہے، ایک فنکار عوامی شخصیت ضرور ہوتا ہے لیکن ان کی بھی ذاتی زندگی اور جذبات ہیں جو عوامی ملکیت نہیں ہوتی۔
متھیرا نے سوشل میڈیا صارفین سے التجا کرتے ہوئے کہا کہ براہ مہربانی تنقید اور منفی باتیں بند کریں اور امن اور محبت کا پیغام پھیلائیں۔
دوسری جانب نیمل خاور کی بہن فضا خاور نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ جن خواتین کی جانب سے زہرلیے اور نفرت انگیز تبصرے کیے جارہے ہیں ان پر مجھے بہت افسوس ہے، صرف اس لیے کہ کوئی عوامی شخصیت ہے آپ کو تنقید کرنے کا کوئی حق نہیں، جو عورت دوسری عورت کو نیچا دکھانے کی کوشش کررہی ہیں، آپ کو خود پر دھیان دینے کی ضرورت ہے، مہربانی سے کام لیں اس سے آپ کی روح کو سکون ملے گا۔
نیمل کی حالیہ تصاویر پر مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کے بعد نیمل خاور نے بھی اپنا مختصر ردعمل دیا۔
ایک صارف نے اداکارہ کی تصویر میں کمنٹ کیا کہ ’آپ خوبصورت ہیں، ان منفی باتوں سے خود کو افسردہ مت کیجیے گا، آپ قدرت کے ان نظاروں کے ساتھ خوبصورت نظر آرہی ہیں،آپ اب بھی ویسی ہی ہیں، ہمیشہ پراعتماد اور مضبوط رہیں‘۔
جس پر نیمل خاور نے مداح کا شکریہ ادا کیا اور کہا ’میری خواہش ہے کہ کاش آپ کی طرح اور بھی لوگ سوشل میڈیا پر مہربان رویہ اختیار کرتے‘۔