لائف اسٹائل

ہولی وڈ اداکار ال پاچینو 83 سال کی عمر میں والد بن گئے

گزشتہ ماہ مئی کے اختتام پر خبر سامنے آئی تھی کہ ضعیف العمر اداکار کی گرل فرینڈ حمل سے ہیں۔

آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی ہولی وڈ اداکار جیمز الفریڈ ال پاچینو 83 سال کی عمر میں چوتھے بچے کے والد بن گئے۔

ال پاچینو ایک ایسے وقت میں چوتھی بار والد بنے ہیں جب کہ کچھ ہفتے قبل ان کے قریبی اور دیرینہ دوست ہولی وڈ اداکار رابرٹ ڈی نیرو 79 سال کی عمر میں ساتویں بچے کے والد بنے تھے۔

’بی بی سی‘ کے مطابق رابرٹ ڈی نیرو کے ہاں گزشتہ ماہ 10 مئی کو 79 سال کی عمر میں ساتویں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔

رابرٹ ڈی نیرو نے ایک پروگرام کے دوران انکشاف کیا تھا کہ اب وہ 6 نہیں بلکہ سات بچوں کے باپ ہیں، تاہم انہوں نے اپنے ساتویں بچے کی ماں کے حوالے سے تفصیلات بتانے سے گریز کیا تھا۔

ان کی طرح اب آسکر ایوارڈ یافتہ ال پاچینو کے ہاں بھی 83 برس کی عمر میں چوتھے بچے کی پیدائش ہوگئی۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ال پاچینو کے نمائندے نے تصدیق کی کہ اداکارہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوگئی۔

نمائندے نے بتایا کہ اداکار کے بیٹے کا نام رومن پاچینو رکھا گیا ہے، تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ اب بچے اور ماں کی صحت کیسی ہے اور اداکار کے ہاں بچے کی پیدائش کس دن ہوئی، لیکن اس کی تصدیق 16 جون کو کی گئی۔

ال پاچینو کے چوتھے بچے کو جنم دینے والی کویتی نژاد امریکی ماڈل نور الفلاح کی عمر 29 سال ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ال پاچینو کے ہونے والے بچے کی ماں کی عمر 29 سال ہے جب کہ اداکار کی بڑی صاحبزادی 33 سال کی ہیں۔

ال پاچینو کی بڑی صاحبزادی جولی پاچینو کی پیدائش 1989 میں ہوئی تھی، ان کی والدہ جان ٹرنٹ اداکاری سکھانے کی کوچ تھیں، ان سے بھی اداکار نے شادی نہیں کی تھی بلکہ دونوں کے درمیان کئی سال تک رومانوی تعلقات رہے تھے۔

اسی طرح ال پاچینو کو 22 سالہ دو جڑواں بچے بھی ہیں اور وہ ان کی دوسری گرل فرینڈ ڈی اینجیلو سے ہیں۔

اداکار کے جڑواں بچوں میں 22 سالہ بیٹا اینٹن جب کہ بیٹی اولیویا ہیں اور اداکار کے پہلے تینوں بچے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔

ان کی گرل فرینڈ نور الفلاح فلم پروڈیوسر ہیں اور ان کا تعلق بھی امریکا سے ہی ہے، تاہم ان کے والد کویتی ہیں۔

فیشن میگزین ہارپر بازار کے مطابق 29 سالہ نور الفلاح کی والدہ امریکی جب کہ والد کویتی نژاد کاروباری شخص ہیں۔

نور الفلاح کی پیدائش بھی کویت میں ہی ہوئی جب کہ ان کی پرورش بھی خلیجی ملک میں ہی ہوئی، تاہم بعد ازاں وہ کیریئر بنانے کے لیے امریکا منتقل ہوگئیں۔

ال پاچینو کی طرح نور الفلاح کی ماضی کی زندگی بھی بڑی دلچسپ رہی ہے، وہ 82 سالہ اداکار سے تعلقات میں رہنے سے قبل 2017 اور 2018 میں محض 23 سال کی عمر میں 75 سالہ اداکار مک جیگر کے ساتھ تعلقات میں رہی تھیں۔

علاوہ ازیں وہ اس سے قبل نوجوانی میں ارب پتی امریکی شخص 61 سالہ نکولس برگلین کے ساتھ بھی تعلقات میں رہی تھیں۔

چند دن قبل یہ خبریں بھی آئی تھیں کہ نور الفلاح کے حاملہ ہونے کے بعد ال پاچینو نے ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا تھا تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ متوقع بچے کے والد ال پاچینو ہی ہیں۔

رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ ال پاچینو کو شک تھا کہ وہ زائد العمر ہیں، اس عمر میں بانجھ پن کا ہونا معمول کی بات ہوتی ہے، اس لیے انہوں نے تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا تھا جس سے ثابت ہوا تھا کہ ال پاچینو ہی ہونے والے بچے کے والد ہیں۔

ہولی وڈ اداکار کے ہاں 83 برس کی عمر میں بچے کی پیدائش متوقع

ال پاچینو کی جانب سے اپنے ہونے والے بچے کی والدہ سے ڈی این اے ٹیسٹ کروائے جانے کا انکشاف

ہولی وڈ اداکار 69 برس کی عمر میں والد بن گئے