دنیا

چین، فلسطینیوں کے ساتھ ’اسٹریٹجک‘ تعلقات قائم کر رہا ہے، چینی صدر

آج ہم مشترکہ طور پر چین-فلسطین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کا اعلان کریں گے، جو دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، شی جن پنگ

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین، فلسطینیوں کے ساتھ ’اسٹریٹجک‘ تعلقات قائم کر رہا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق فلسطینی صدر محمود عباس سے بات چیت سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین، فلسطینیوں کے ساتھ ’اسٹریٹجک‘ تعلقات قائم کر رہا ہے۔

فلسطینی صدر جمعہ (16 جون) تک چینی دارالحکومت بیجنگ میں ہوں گے جہاں وہ دنیا کی دوسری سب سے بڑی آبادی والے ملک چین کے پانچویں سرکاری دورے پر ہیں۔

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں ایک صدی کی عالمی تبدیلیوں اور نئی پیش رفتوں کا سامنا کرتے ہوئے چین، فلسطینی فریق کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تیار ہے۔

شی جن پنگ نے مزید کہا کہ آج ہم مشترکہ طور پر چین-فلسطین اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے قیام کا اعلان کریں گے، جو دوطرفہ تعلقات کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

خیال رہے کہ فلسطینی صدر، چینی اعلیٰ قیادت بشمول صدر اور وزیراعظم سے بات چیت کے لیے پیر کو بیجنگ پہنچے تھے۔

دونوں فریق تعلقات کو بڑھانے اور فلسطین۔اسرائیل تعلقات کو درپیش دیرینہ چیلنجز کو حل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اس موقع کا استعمال کر رہے ہیں۔

چین، امریکی اثر و رسوخ کو چیلنج کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش میں ہے جنہوں نے واشنگٹن میں بے چینی کو جنم دیا ہے۔

گزشتہ ہفتے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے فلسطینی صدر محمود عباس کو چینی لوگوں کا ’دیرینہ اور اچھا دوست‘ قرار دیا تھا۔

گزشتہ دسمبر میں صدر شی جن پنگ نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جس میں انہوں نے محمود عباس سے ملاقات کی تھی اور مسئلہ فلسطین کے جلد، منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے کام کرنے کا عہد کیا تھا۔

چین نے تب سے مشرق وسطیٰ میں خود کو ایک ثالث کے طور پر پیش کیا ہے جس نے مارچ میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کی ثالثی کی۔

اپریل میں چینی وزیر خارجہ نے اسرائیلی اور فلسطینی ہم منصبوں کو کہا تھا کہ چین امن مذاکرات میں معاونت کرنے کا خواہشمند ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے فلسطینی وزیر خارجہ کو کہا تھا کہ چین جتنا جلدی ممکن ہو مذاکرات کی بحالی کی معاونت کرے گا۔

چینی وزیر خارجہ نے دو ریاستی حل کی بنیاد پر امن مذاکرات پر زور دیا تھا۔

پانی میں ڈوب کر گہرائی بتانے والے یوٹیوبر کی ویڈیو وائرل

شوبز شخصیات کا عوام کو ’بائپر جوائے‘ سے متعلق حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ

کیا کراچی طوفانی بارشوں سے نمٹ سکتا ہے؟