لائف اسٹائل

عدم تحفظ کی وجہ سے متعدد اداکاروں نے فلموں سے نکلوایا، ارشد وارثی کا دعویٰ

بڑے اداکار عدم تحفظ اور خوف کا شکار رہتے ہیں، جس وجہ سے انہوں نے انہیں فلموں سے نکلوایا۔ اداکار

بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار و کامیڈین ارشد وارثی نے دعویٰ کیا ہے کہ متعدد بڑے اداکاروں نے خوف کی وجہ سے انہیں اپنی فلموں سے نکلوایا، ان کی جگہ دوسرے اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا۔

ارشد وارثی عام طور پر فلموں میں معاون کردار ادا کرتے دکھائی دیتے ہیں، انہیں سنجے دت کی فلم ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ میں ’سرکٹ‘ کا کردار ادا کرنے سے کافی شہرت ملی۔

علاوہ ازیں انہیں دیگر اداکاروں کے ساتھ بھی معاون کرداروں میں دیکھا جاتا رہا ہے لیکن انہوں نے بعض فلموں میں مرکزی کردار بھی ادا کیے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ کام کرنے والے متعدد بڑے اداکار خود عدم تحفظ اور خوف کا شکار رہتے ہیں، جس وجہ سے انہیں فلموں سے نکلوایا گیا۔

’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق ارشد وارثی نے تازہ انٹرویو میں اداکاروں کا نام لیے بغیر دعویٰ کیا کہ انہیں متعدد فلموں سے نکالا گیا، ان کی جگہ دوسرے افراد کو کاسٹ کیا گیا۔

ورسٹائل اداکار کے مطابق جن فلموں میں انہیں کاسٹ کیا گیا تھا، ان میں ان کے ساتھ مرکزی کرداروں میں کاسٹ کیے گئے اداکار انجانے خوف اور عدم تحفظ کا شکار تھے، جس وجہ سے انہیں تبدیل کروایا گیا۔

انہوں نے یہ نہیں کہا کہ ان کے ساتھ کاسٹ کیے گئے اداکاروں کو ان کے زیادہ مشہور ہونے کا ڈر تھا، تاہم انہوں نے کہا کہ وہ عدم تحفظ کا شکار اور خوف زدہ تھے، جس وجہ سے انہیں تبدیل کرواکر ان کی جگہ دوسرے اداکاروں کو کاسٹ کیا گیا۔

مذکورہ انٹرویو میں انہوں نے سلمان خان اور سنجے دت کی تعریفیں بھی کیں اور کہا کہ مذکورہ دونوں اداکار کسی طرح کے عدم تحفظ کا شکار نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں کسی اور چیز کا ڈر ہے، دونوں نے ان کے ساتھ بلا خوف و خطر کام کیا۔

انٹرویو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ سنجے دت کے ساتھ منا بھائی ایم بی بی ایس میں ’سرکٹ‘ کا کردار ادا کرتے وقت انہیں یہ خدشہ ہوگیا تھا کہ ان کا کیریئر مذکورہ کردار کے بعد ختم ہوجائے گا، کیوں کہ انہیں شک تھا کہ فلم کامیاب نہیں ہوگی لیکن اتفاق سے وہ فلم سپر ہٹ ہوگئی اور ان کا کیریئر مزید مضبوط ہوا۔

ارشد وارثی نے یہ اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ اکشے کمار کے ساتھ جلد ’ایل ایل بی تھری‘ میں دکھائی دیں گے۔

صندل خٹک جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل

بعض خواتین پیسے اور شہرت دیکھ کر مردوں سے پیار کرتی ہیں، شہروز سبزواری

بائپر جوائے: شدید موسمی حالات کیلئے کیا احتیاطی تدابیر و انتظامات کیے جائیں؟