دنیا

کینیڈا کے جنگلات میں لگی آگ کے سبب امریکا کی فضائیں آلودہ

شہریوں میں این-95 ماسک تقسیم کیے جارہے ہیں، رواں ہفتے کے اختتام تک صورتحال میں بہتری کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا جارہا۔

کینیڈا کے جنگلات میں آتشزدگی کے بعد امریکا کے متعدد شہروں کو خطرناک دھویں نے لپیٹ میں لے لیا ہے، جس سے پروازوں میں تاخیر اور معمولات زندگی متاثر ہوگئے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق دھویں نے واشنگٹن شہر کی فضا کو نارنجی رنگ میں بدل دیا، ماحولیات کے تحفظ کی ایجنسی نے وسط بحر اوقیانوس کے علاقے کے مختلف حصوں کی ’کوڈ مارون‘ میں درجہ بندی کی ہے، یہ ہوا کے معیار سے متعلق انتباہ کی بدترین قسم ہے، جو خطرناک حالات کا اشارہ دے رہی ہے۔

اس صورتحال نے امریکا کے مخلتف حصوں کو دنیا کے آلودہ ترین علاقے بنا دیا ہے اور رواں ہفتے کے آخر تک اس میں بہتری کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا جارہا، شہر کے محکمہ توانائی و ماحولیات نے ٹوئٹ کیا کہ ’آج ہوا کا معیار انتہائی غیر صحت بخش ہے‘۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ’عام شہریوں کی صحت پر اس صورتحال کے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، نازک صحت کے حامل افراد کو زیادہ سنگین مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

شہریوں میں این-95 ماسک تقسیم کیے جارہے ہیں جبکہ چڑیا گھر انتظامیہ نے جانوروں، عملے اور شہروں کی حفاظت کے لیے چڑیا گھر بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

دارالحکومت کے سرکاری اسکولوں نے کلاسز کے دوران وقفہ، جسمانی تعلیم، جسمانی مشقوں اور مقابلوں سمیت تمام بیرونی سرگرمیاں منسوخ کر دیں۔

دریں اثنا فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ حد نگاہ محدود ہونے کے سبب نیو یارک سٹی، ڈی سی، فلاڈیلفیا اور شارلٹ میں ایئر ٹریفک کے بہاؤ کو محتاط انداز میں منظم کیا جارہا ہے۔

نیویارک کے لا گارڈیا اور فلاڈیلفیا انٹرنیشنل کے لیے جانے والی پروازیں وقفے کے بعد دوبارہ شروع ہو گئیں، ماحولیاتی گروہ موسمیاتی تبدیلی کی جانب ہنگامی بنیادوں پر توجہ مبذول کروا رہے ہیں، جس سے موسم گرم اور خشک ہورہا ہے جبکہ جنگل کی آگ نے اس کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔

’او آر جی ڈاٹ 350‘کے چیف ایگزیکٹو مے بوئیو نے کہا کہ ماحولیاتی بحران آچکا ہے جو خطرناک فضائی آلودگی کا باعث بن رہا ہے اور لاکھوں لوگوں کی صحت کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے بھی کہا کہ ’عالمی درجہ حرارت میں اضافے کے ساتھ، جنگل کی آگ کے خطرے پر فوری طور پر قابو پانا انتہائی اہم ہے، ہمیں قدرت کے ساتھ امن سے رہنا چاہیے، ہم ہار نہیں مان سکتے۔

آئی ایم ایف کی نگرانی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ کچھ دیر بعد پیش کیا جائے گا

’نفیس و ذہین شخص بہت جلدی دنیا چھوڑگئے‘، عامر لیاقت کی برسی پر شوبزشخصیات افسردہ

خفیہ دستاویزات کا معاملہ: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فردِ جرم عائد