پاکستان

ملائیشیا میں پی آئی اے کا روکا گیا طیارہ وطن واپسی کیلئے روانہ

کوالالمپور کی مقامی عدالت نے بوئنگ 777 کو روکنے کے سابقہ فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور قومی کیریئر کے حق میں احکامات جاری کیے۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کا ایک طیارہ جسے منگل کو کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر قانونی تنازع کے سبب روک لیا گیا تھا، مسئلہ حل ہونے کے بعد جمعہ کی رات تقریباً 9 بج کر 30 منٹ پر اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ذرائع کے مطابق مقامی عدالت نے بوئنگ 777 کو روکنے کے سابقہ فیصلے کو کالعدم قرار دیا اور قومی کیریئر کے حق میں فیصلہ جاری کرتے ہوئے طیارے کو ریلیز کرنے کے احکامت دیے۔

طیارے کا رجسٹریشن نمبر اے پی-بی ایم ایچ ہے، کوالالمپور سے اسلام آباد کے لیے فیری فلائٹ کے طور پر چلایا گیا جس میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔

طیارہ لیز پر دینے والی کمپنی نے عدالت سے رجوع کیا تھا کہ پی آئی اے پر 45 لاکھ ڈالر واجب الادا ہیں۔

پی آئی اے کی جانب سے اس دعوے کو متنازع قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ طیارے کی ملکیت اس کے پاس ہے جبکہ مذکورہ کمپنی کی زیرملکیت طیارے میں نصب انجنوں میں سے صرف ایک انجن ہے۔

پاکستان ایئر لائنز کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے تصدیق کی کہ کوالالمپور انٹرنیشنل ایئرپورٹ روکے گئے طیارے کو مقامی عدالت کے 26 مئی کے فیصلے کو معطل کرنے کے بعد جمعہ کو ریلیز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ جب طیارے کو روکا گیا تھا تو مذکورہ طیارے کے مسافروں کو متبادل طیارے میں منتقل کیا گیا جبکہ مذکورہ طیارے نے بغیر مسافر کے کوالالمپور سے اڑان بھری۔

پاناما لیکس میں نامزد 436 افراد کے خلاف درخواست سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

چنبل: خارش زدہ سرخ دھبوں کی اذیت ناک بیماری کا کیا علاج ہے؟

پاکستان، افغانستان، ایران اور روس کے ساتھ اشیا کے تبادلے کی تجارت کرنے کو تیار