فی گھنٹہ چالیس لاکھ روپے ادا کرکے بلندیوں پر پارٹی کریں
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں موجود دنیا کے مہنگے ترین اور پرتعیش ہوٹلوں میں سے ایک ہوٹل نے پارٹیوں کے شوقین افراد کے لیے نئی سروس کا آغاز کرتے ہوئے ہوائی جہاز پر ہی پارٹی کرنے کی سروس متعارف کرادی۔
جی ہاں، ’فائیو گلوبل ہولڈنگز‘ نامی ہوٹل اور ریزورٹس کی کمپنی نے اپنے ہوٹل ’پارٹی ہارڈ فائیو ہوٹلز اینڈ ریزورٹس‘ کے تحت ہوائی جہاز پر پارٹی کرنے کی سروس متعارف کرادی۔
امریکی جریدے ’بلوم برگ‘ کے مطابق ہوٹل نے اپنے طیارے ’نائن ہوٹل فائیو‘ پر فی گھنٹہ پاکستانی تقریبا 40 لاکھ روپے کے عوض پارٹی کرنے کی سروس متعارف کرادی اور اس کے لیے ہوٹل نے بکنگ کا آغاز بھی کردیا۔
مذکورہ سروس کے تحت ایک طیارے میں بیک وقت زیادہ سے زیادہ 12 افراد سوار ہو سکتے ہیں اور وہ طیارے کو زیادہ سے زیادہ 12 گھنٹے مسلسل سفر کرنے کے لیے حاصل کر سکتے ہیں۔
پارٹیوں کے شوقین افراد کو طیارے پر فضاؤں پر پارٹیاں منعقد کرنے کے عوض محض 14 ہزار امریکی ڈالر فی گھنٹہ فیس ادا کرنی پڑے گی اور وہ دبئی سے جہاں کہیں جانا چاہیں انہیں طیارہ وہیں لے جائے گا لیکن انہیں فی گھنٹے کے حساب سے رقم ادا کرنی پڑے گی۔
امیر افراد طیارے کو دبئی سے لندن تک لے جا سکتا ہے اور انہیں اس سفر کے دوران مجموعی طور پر ایک لاکھ 95 ہزار امریکی ڈالر یعنی پاکستانی ساڑھے پانچ کروڑ روپے ادا کرنے ہوں گے۔
یعنی طیارے میں موجود 12 میں سے ہر مسافر اپنا حصہ ادا کرے گا اور کوئی امیر شخص چاہے تو پوری طیارے کو ہی اپنی خصوصی پارٹی کے لیے بک کروا سکتا ہے۔
مذکورہ طیارے میں دو بہت بڑی سینما اسکرین سائز کی ٹی وی اسکرینز نصب ہیں جب کہ اس میں سوئمنگ پول نما باتھ ٹب بھی موجود ہے۔
طیارے میں پرتعیش بسترے اور صوفے سجائے گئے ہیں اور اس میں جدید طرز کی ایل ای ڈی لائٹس لگائی گئی ہیں جو پارٹی کے دوران رنگ برنگی ہوتی رہتی ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پارٹیوں کے شوقین افراد کو صرف طیارے میں سفر کرنے کے لیے فی گھنٹہ پاکستانی 40 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے جب کہ جہاز میں استعمال کی گئی چیزوں کی قیمت الگ سے ادا کرنی ہوگی۔