پاکستان

چوہدری پرویز الہٰی کرپشن کے مقدمے میں بری، دوسرے مقدمے میں دوبارہ گرفتار

چوہدری پرویز الہٰی سے تفتیش کرنا درکار ہے، انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانے کو نقصان پہنچایا، 14 روزہ ریمانڈ منظور کیا جائے، سرکاری وکیل
|

لاہور کی مقامی عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو کرپشن کے مقدمے سے بری کر دیا جبکہ پولیس نے دوسرے مقدمے میں دوبارہ گرفتار کرلیا۔

ضلع کچہری لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کی جانب سے پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔

سماعت کے لیے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے چوہدری پرویز الہٰی کو بکتر بند گاڑی میں عدالت تک پہنچایا گیا جہاں وہ سہارے کے ساتھ اندر گئے۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب نے عدالت سے چوہدری پرویز الہٰی کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی۔

سرکاری وکیل غلام صلاح الدین نے مؤقف اختیار کیا کہ چوہدری پرویز الہٰی سے تفتیش کرنا درکار ہے، انہوں نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خزانے کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ دستاویزات ریکور کرنی ہیں اور دیگر شریک ملزمان کی گرفتاری بھی کرنی ہیں، جو ادائیگیاں ہوئی وہ اور جو جو کمیشن لیا گیا اسے بھی ریکور کرنا ہے۔

سرکاری وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بوگس کمپنیوں کو غیر قانونی طور پر ادائیگیاں کی گئیں، پروجیکٹ کو منظوری سے پہلے جاری کر دیا گیا، بولیاں بھی منظوری سے پہلے مانگی گئیں۔

سرکاری وکیل کی پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے وکیل نے دلائل کا آغاز کیا۔

وکیل اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ 17، 22 اور 57 کلومیٹر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں بوگس ادائیگیاں کی گئی ہیں۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ لالہ موسیٰ سمیت دیگر علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر مرمت کے غیر قانونی ٹھیکے دیے گئے۔

سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ چوہدری پرویز الہٰی سے مزید تفتیش درکار ہے لہٰذا عدالت جسمانی ریمانڈ فراہم کرے۔

وکیل پرویز الہٰی رانا انتظار نے کہا کہ ’تمام منصوبوں سے متعلق فنڈز مختص کرنے سے لے کر جاری کرنے تک کی تمام دستاویزات موجود ہیں‘۔

وکیل نے کہا کہ فرضی اور بوگس کاغذات تیار کرنے کا الزام لگایا گیا ہے لیکن ایک بھی بوگس کاغذ عدالت میں پیش نہیں کیا گیا، یہ تو جو ان کی بات نہ مانے اس کے خلاف کیس کر دیتے ہیں۔

ایڈووکیٹ انتظار حسین کا مزید کہنا تھا کہ ’انہوں نے بڑی کوشش کی آپ کو تبدیل کروانے کی کیونکہ آپ ان کے لیے اچھے نہیں ہیں‘۔

فاضل جج نے کہا کہ میرے پاس فائل آنی ہے، آپ لوگوں کے دلائل سننے کے بعد قانون کے مُطابق فیصلہ کر دینا ہے، میں نے فیصلے میں اپنی طرف سے کوئی چیز نہیں ڈال دینی تھی۔

وکیل پرویز الہٰی نے کہا کہ اب تو اینٹی کرپشن والے نیا قانون لا رہے ہیں، جج بھی ان کا اپنا افسر ہوا کرے گا، جس پر جج نے کہا کہ ان کی اپنی مرضی ہے جو مرضی کریں۔

وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مزید کہا کہ 17 جنوری 2023 کو 36 کروڑ کی ادائیگی ہوئی، اس وقت محسن نقوی وزیر اعلیٰ تھے تو ان کو بھی پکڑیں، اینٹی کرپشن کا افسر ٹیکنیکل انکوائری کر رہا ہے جو قانونی ہے، ٹیکنیکل رپورٹ ایس این ڈبلیو ہی تیار کر سکتا ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ڈیپوٹیشن پر کسی ڈپارٹمنٹ سے آیا ہوا بندہ اپنے مرکزی ڈپارٹمنٹ سے متعلق انکوائری کر سکتا ہے؟

اینٹی کرپشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکومت کسی بھی معاملے کی انکوائری رولز کے تحت شروع کر سکتی ہے، قانونی طریقہ کار اختیار کر کے چوہدری پرویز الہٰی کو گرفتار کیا گیا۔

عدالت نے استفسار کیا کہ جب بجٹ منظور ہوتا ہے تو کیا اسی وقت یہ طے نہیں کیا جاتا کہ اتنے فنڈز فلاں ضلع کے لیے ہیں؟ جس پر اینٹی کرپشن کے وکیل نے بتایا کہ کس ضلع کو کتنا فنڈ دینا ہے یہ کابینہ کا اختیار ہے۔

بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضیٰ ورک نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد چوہدری پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کو کرپشن کے مقدمے میں بری کردیا۔

جس کے بعد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گوجرانوالہ نے چوہدری پرویز الہٰی کو ایک اور مقدمے میں گرفتار کرلیا۔

پرویز الہٰی کی گرفتاری

خیال رہے کہ صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کا ایک ہفتے تک جاری رہنے والے محاصرے کے بعد یکم جون کو انسداد بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ کی ایک ٹیم اور پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

اے سی ای کے مطابق پرویز الہٰی اختیارات کے ناجائز استعمال اور ترقیاتی فنڈز میں غبن سے متعلق کیس میں مطلوب تھے۔

نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما نے گرفتاری کے خلاف مزاحمت کی، تاہم پولیس نے ان کی گاڑی کی اگلی کھڑکی توڑ کر انہیں گرفتار کرلیا۔

گرفتاری کے بعد سروسز ہسپتال میں سابق وزیراعلیٰ کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا تھا، پرویز الہٰی نے اے سی ای کو بتایا کہ وہ دل کے مریض ہیں اور انہوں نے انسداد بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ سے اپنے ذاتی معالج کو بلانے کی درخواست کی تھی۔

معلوم ہوا ہے کہ پرویز الہٰی پر 9 مئی کے واقعات کے پیش نظر پی ٹی آئی چھوڑنے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔

اس سے قبل اپریل کے اختتام پر بھی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی ٹیم نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی گلبرگ رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا جس کے دوران گھر کا مرکزی گیٹ توڑنے کے لیے بکتر بند گاڑی کا استعمال کیا تھا۔

تاہم پولیس اور اے سی ای انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی تھی، البتہ چھاپے کے دوران اہلکار چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ میں بھی داخل ہوئے، اس دوران مزاحمت پر کچھ افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔

’جبران ناصر کو رہا کرو‘، شوبز شخصیات کا معروف وکیل کے مبینہ اغوا پر تشویش کا اظہار

راہول گاندھی کی چین سے تعلقات کی نوعیت پر وزیراعظم نریندر مودی پر سخت تنقید

اسلام آباد ہائیکورٹ: ’لوگ پولیس، رینجرز کی وردیوں میں بندے اٹھا رہے ہیں، کسی کو پروا نہیں‘