پاکستان

اندرونی سازشی عناصر کا بیرونی فورسز سے عدم استحکام کیلئے گٹھ جوڑ بے نقاب ہوگیا، آرمی چیف

پاکستان کے عوام نے حالیہ دنوں میں ملک کے طول و عرض میں اپنی افواج سے بے پناہ محبت کا اظہار کرکے دشمن اور ان کے سہولت کاروں کو منہ توڑ جواب دیا ہے، جنر عاصم منیر

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے اندرونی سازشی عناصر اور بیرونی فورسز کے درمیان گٹھ جوڑ قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گریژن کا دورہ کیا جہاں کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا اور اس کے بعد انہوں نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں افسران سے خطاب کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے اپنے خطاب کے دوران روایتی، غیرروایتی اور ففتھ جنریشن وار فیئر کے لیے آپریشنل تیاریوں کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کے عوام اور فوج کے درمیان نہ ٹوٹنے والے رشتے کو توڑنے اور کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں وہ اس میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

آرمی چیف نے کہا کہ ’پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ کی طرح پاکستان کے قابل فخر لوگوں سے جڑی رہے گی، جنہوں نے حالیہ دنوں میں ملک کے طول و عرض میں اپنی افواج سے بے پناہ محبت کا اظہار کیا اور دشمن اور ان کے سہولت کاروں کے مذموم مقاصد کا منہ توڑ جواب دیا ہے‘۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہ ’پاک فوج دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے‘۔

آرمی چیف نے کہا کہ ’اللہ کے کرم اور پاکستان کے عوام کے بے پناہ تعاون کی مدد سے پاک فوج کو کوئی بھی مجبور یا روک نہیں سکتا ہے‘۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے کوئٹہ گریژن میں فوجی جوانوں کی فلاح کے لیے چلنے والی مختلف اسکیمز کا بھی دورہ کیا۔

قبل ازیں 25 مئی کو یوم تکریم شہدا کے دوران منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے 9 مئی کو ہونے والے واقعات پر کہا تھا کہ قوم شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور ان کے وقار کو نقصان پہنچانے میں ملوث افراد کو معاف کرے گی اور نہ ہی بھولے گی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔

آئی ایس پٌی آر نے ان کے حوالے سے کہا تھا کہ ’پاک فوج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست کی علامت اور دفاعی لائن ہیں جو ملک و قوم کے وقار کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے‘۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’جنرل عاصم منیر نے شہدا کے اہل خانہ سے کہا کہ پاکستان کے عوام اور پاک فوج قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی‘۔

9 مئی کی توڑ پھوڑ: اے ٹی سی راولپنڈی نے 8 ملزمان ٹرائل کیلئے فوج کے حوالے کرنے کی منظوری دے دی

عالمی مخالفت کے باوجود یوگنڈا میں ہم جنس پرستی کے خلاف سخت قوانین منظور

پشاور: 2 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق