بہروز سبزواری نے پاک فوج کے خلاف وائرل آڈیو کو جعلی قرار دےدیا
پاکستان کے سینئر اداکاری بہروز سبزواری نے خود سے منسوب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان آرمی کے خلاف کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک آڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں پاک فوج کی سینئر قیادت کے خلاف بیان دیا گیا، اس آڈیو کو اداکار بہروز سبزواری سے منسوب کیا جارہا ہے۔
اس کے علاوہ آڈیو میں عمران خان کے ماضی کے جلسے کی تعریف کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر بھی تنقید کی گئی۔
آڈیو وائرل ہونے پر اداکار نے خود سے منسوب آڈیو کو جعلی قرار دے دیا۔
بہروز سبزواری کے بیٹے شہروز سبزواری نے ٹوئٹر پر اپنے والد کا ویڈیو بیان جاری کیا۔
ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو جعلی ہے جو آرٹییفیشل انٹیلیجنس کی مدد سے بنائی گئی ہے، میں نے فوج کے خلاف کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ فوج ہمارا طرۂ امتیاز ہے، فوج نے ہمیشہ پاکستانیوں کے لیے اپنی جان قربان کی ہے اور ہم بھی فوج کے لیے اپنی جان قربان کرسکتے ہیں۔
اداکار نے کہا کہ اللّٰہ اُن سے حساب لےگا جو لوگ فوج کے خلاف اس طرح کی چیزیں پھیلا رہے ہیں۔
بہروز سبز واری نے کہا جن لوگوں کی دل آزاری ہوئی میں ان کو بتا دوں کہ یہ سب جھوٹ ہے۔