لکھ کر رکھ لیں، عمران خان امریکا میں پناہ لیں گے، فیصل کریم کنڈی
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان آج کل بھرپور کوششیں کررہے ہیں، کچھ دنوں میں آپ سنیں گے کہ انہوں نے امریکا میں سیاسی پناہ لے لی ہے۔
ڈان نیوز کے پروگرام لائیو ود عادل شاہزیب میں میزبان سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری بات آپ اپنے دفتر میں کہیں لکھ کر رکھ لیں عمران خان امریکا میں پناہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران نے پتا نہیں کس یونیورسٹی سے جھوٹ کا سرٹیفکیٹ لیا ہوا ہے پاکستان میں وہ کہتے ہیں کہ میرے خلاف امریکی/غیر ملکی سازش ہوئی اور ادھر جا کر کہتے ہیں کہ پاکستانی فوج نے مجھے نکالا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ امریکی اراکین کانگریس سے بات کرنے سے بہتر تھا کہ پاکستان کی پارلیمنٹ سے بات کرتے اور اس کا نتیجہ الیکشن ہوتا، ہم نے انہیں مذاکرات کا موقع دیا لیکن وہ سنجیدہ نہیں ہوئے۔