دبئی پولیس کی پھرتی، قتل میں ملوث اسرائیلیوں کو 3 گھنٹے میں گرفتار کرلیا
متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی کی پولیس نے حفاظت اور عوام کی سیکیورٹی کو یقینی بناتے ہوئے محض تین گھنٹے میں 8 اسرائیلی افراد کو اپنے ہی ہم وطن شخص کو قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دبئی پولیس نے قتل کے واقعے کے محض تین گھنٹے کے اندر ہی دو مرکزی ملزمان جب کہ تمام یعنی 8 ہی ملزمان کو محض 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرکے کیس کی تفتیش ہی بند کردی۔
عرب اخبار ’گلف نیوز‘ کے مطابق دبئی پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں تمام ہی اسرائیلی ملزمان کو محض 24 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کی تصدیق کی گئی۔
دبئی پولیس نے ملزمان کی تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا کہ تمام افراد آپس میں قریبی رشتے دار ہیں اور جس اسرائیلی شخص کو قتل کیا گیا، ان کے ساتھ ان کا دیرینہ تنازع چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق دونوں خاندان کے درمیان جائداد کے معاملے پر دیرینہ تنازع تھا اور رواں ماہ 6 مئی کو مقتول کے خاندان نے ملزمان کے خاندان کے ایک شخص کو قتل کردیا تھا، جس کا بدلہ لینے کے لیے ملزمان نے دبئی کا سفر کیا۔
دبئی پولیس نے بتایا کہ تمام 8 ہی ملزمان یورپی ممالک کے راستے دبئی میں داخل ہوئے تھے، جنہوں نے شہر کے مصروف علاقے کے ایک کیفے کے باہر 33 سالہ شخص کو تیز دھار آلے کے ساتھ قتل کیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے قتل سے قبل مقتول کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی یعنی کیمروں اور چہروں کی شناخت والی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا اور قتل کا واقعہ رپورٹ ہونے کے محض تین گھنٹے بعد ہی دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
دو مرکزی ملزمان کی گرفتاری اور تفتیش کے بعد باقی 6 ملزمان کو بھی 24 گھنٹے کے اندر اندر گرفتار کرکے انہیں عدالت میں پیش کردیا گیا اور کیس کی تفتیش کو بند کردیا گیا۔
اب تمام اسرائیلی ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ عدالت میں چلے گا۔
دوسری جانب سے ٹائمز آف اسرائیل نے بھی دبئی میں 8 اسرائیلی شہریوں کی قتل کے مقدمے میں گرفتاری کی تصدیق کی۔
اخبار کے مطابق یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان 2020 کے اختتام میں سفارتی تعلقات بحال ہونے کے بعد یہ پہلا واقعہ ہے کہ اسرائیلیوں کو دبئی میں قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان اگست 2020 میں دو طرفہ تعلقات کو معمول پر لانے، حکومتی سطح پر بینکنگ اور کاروباری معاہدے کرنے پر بھی اتفاق ہوا تھا۔
دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کے بعد نومبر 2020 میں ان کے درمیان پروازیں بھی شروع ہوگئی تھیں اور تب سے اب تک ماہانہ درجنوں اسرائیلی سیاحت سمیت دیگر مقاصد کے لیے دبئی سمیت یو اے ای کی دیگر ریاستوں کا رخ کرتے آ رہے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بحال ہونے کے محض تین سال بعد ہی اسرائیلیوں کی جانب سے دبئی میں اپنے ہم وطن کو قتل کیے جانے کے واقعے کے بعد لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔