پاکستان

’اسموگ فری لاہور‘ میگا پلانٹیشن مہم کے تحت 15 ہزار پودے لگا کر ’اربن فارسٹ‘ کا آغاز

زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینے کی مہم کے تحت الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے رضاکاروں نے 10 منٹ میں 15 ہزار پودے لگائے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ’اسموگ فری لاہور‘ مہم کے تحت میگا پلانٹیشن مہم کے بڑے منصوبے کو شروع کرتے ہوئے 3 ہزار رضاکاروں نے 7 ایکٹر اراضی پر 15 ہزار پودے لگا کر ’اربن فارسٹ‘ کا آغاز کر دیا۔

اس سلسلے میں پی ایچ اے کے تعاون سے لاہور ایئرپورٹ کے قریب ایک گرینڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں 3 ہزار رضاکاروں نے 7 ایکٹر اراضی پر 15 ہزار پودے لگا کر ’اربن فارسٹ‘ کا آغاز کیا۔

مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور اسموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔

پروگرام میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو، پروجیکٹ ڈائریکٹر علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور عبداللہ نثار چیمہ، الخدمت لاہور کے نائب صدر چوہدری سلیم، الخدمت والنٹیر ہیڈ صنان اکبر، مختلف جامعات کے سربراہان، طلبا و طالبات اور رضاکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

مہم کا افتتاح الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ اور پی ایچ اے کے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو نے پودا لگا کر کیا۔

اس موقع پر الخدمت کے رضاکاروں نے 10 منٹ میں 15 ہزار پودے لگا کر منفرد ریکارڈ قائم کیا، پروگرام میں خاص طور پر الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے باہمت بچوں نے بھی شرکت کی اور اپنے مرحوم والد کے نام کے پودے لگائے۔

اِس کے ساتھ ساتھ شرکا نے بھی جوش و جذبے کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے پیاروں کے ناموں کے پودے لگائے جن میں ارجن، پلکن، سکھ چین، نیم، جامن، مولسری اور املتاس کے پودے شامل ہیں۔

ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پودا لگانا صدقہ جاریہ ہے، اسموگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت بھی ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن اسی تناظر میں ملک بھر میں پودے لگانے کا عزم رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل اس کے نوجوان ہیں، اگر اِن نوجوانوں کو رہنمائی اور تربیت فراہم کی جائے تو یہ نوجوان اِس ملک و قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ الخدمت کی جانب سے لگائے گئے پودوں کی مکمل نگہداشت کا ذمہ پی ایچ اے نے لیا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور’ مل کر پاکستان’ نوجوانوں اور عام افراد میں آگاہی کے حوالے سے مہم چلائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اِس نیک کام میں اپنا کردار ادا کریں۔

پی ایچ اے ڈائریکٹر جنرل طاہر وٹو نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی انسانی خدمات سمیت ’اسموگ فری لاہور‘ مہم جیسی کاوشیں قابل تحسین ہیں، ہمیں موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنج کا سامنا ہے، زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر اِس کی شدت کو کم کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسموگ فری لاہور مہم کےلیے 5 سال تک ہر سال 90 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جس کے پی ایچ اے الخدمت فاؤنڈیشن سمیت شہر بھر میں مختلف اداروں کے ساتھ مل کر جامع منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے تاکہ لاہور کی آب و ہوا کو صاف ستھرا اور صحت افزا بنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر 7 ایکڑ اراضی پر اربن فاریسٹ بنایا گیا ہے، اس طرز کے فاریسٹ شہر کے مزید مقامات پر بھی بنائے جائیں گے۔

انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔

کشف شاہ نےکہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے’اسموگ فری لاہور’ مہم خوش آئند ہے، الخدمت فاؤنڈیشن نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں بڑا قدم اٹھایا ہے، امید کرتے ہیں کہ اس مہم کے مثبت اثرات کچھ عرصے میں دیکھنے کو ملیں گے۔

صنان اکبر نے کہا کہ الخدمت یہ مہم مختلف کالجز یونیورسٹیز میں لے کر جائے گی جہاں اربن فارسٹ سمیت اپنے قرب و جوار میں پودے اور درخت لگانے کی نا صرف ترغیب دی جائے گی بلکہ پودوں کا انتظام بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اس کار خیر کےلیے سنجیدہ ہو کر اقدامات کرنے ہوں گے تاکہ اپنی آئندہ نسل کو صحت مند ماحول مہیا کر سکیں۔

مالیاتی بحران کے باوجود اراکین اسمبلی کو 20 ارب روپے جاری

آئی پی ایل فائنل کے دوران ایشیا کپ سے متعلق فیصلہ ہوگا، سیکریٹری بھارتی بورڈ

حاملہ خاتون کا کردار ادا کرنے کے دوران اُمید سے ہوگئی تھی، صرحا اصغر