9 اور 10 مئی کے واقعات میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث تمام لوگ جرم میں برابر شریک ہیں، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات میں بالواسطہ یا بلاواسطہ ملوث تمام لوگ اس جرم میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
پشاور میں امن و امان سے متعلق اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ 9 مئی اور 10 مئی کے واقعات کے حوالے سے میں نے بریفنگ لی ہے، خیبرپختونخوا میں لوگوں نے دہشتگردی کی اور دوست نما دشمنوں نے پاکستان دشمنی کی، فوج اور سول تنصیبات پر حملہ کرکے وہ کام کیا جو دشمن 75 برس میں نہ کرسکا۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاق نے صوبوں اور اداروں کے ساتھ مل کر فیصلہ کیا کہ سول تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کا انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت ٹرائل کیا جائے گا، فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف آئین کے تحت ادارے کو دیے گئے اختیار کے مطابق ٹرائل ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں یہ ایک بار پھر واضح کرنا چاہتا ہوں 9 اور 10 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ٹرائل کے دوران کسی بےگناہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے، جو لوگ بالواسطہ یا بلاواسطہ اس میں ملوث تھے وہ اس جرم میں برابر کے شریک ہیں، ان کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی ورنہ یہ قوم ہمیں معاف نہیں کرے گی۔