لائف اسٹائل

کامیڈی پولیٹیکل فلم ’وی آئی پی‘ عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان

ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں نہ صرف سیاست بلکہ کامیڈی اور رومانس بھی دیکھنے کو ملے گا۔

صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کی سیاست پر بنائی گئی پولیٹیکل کامیڈی فلم ’وی آئی پی‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحٰی پر ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

فلم ساز رانا کامران کی بنائی گئی فلم کے جاری کیے گئے مختصر ٹریلر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اس سے عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں نہ صرف سیاست بلکہ کامیڈی اور رومانس بھی دیکھنے کو ملے گا۔

اگرچہ ٹریلر میں زیادہ مار دھاڑ نہیں دکھائی گئی، تاہم معلوم ہوتا ہے کہ سیاست پر بنائی گئی فلم میں لڑائی جھگڑے بھی ہوں گے اور شائقین کو ایکشن بھی دیکھنے کو ملے گا۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں نئے اور سینئر اداکاروں کو ایکشن میں دیکھا جائے گا۔

فلم کی مرکزی کاسٹ نئے چہروں پر مبنی ہے، تاہم بعض مرکزی کردار سینئر اداکاروں نے ادا کیے ہیں۔

فلم میں سلیم معراج، سیفی حسن، گل رعنا، محمد احتشام الدین اور دانش نواز کے علاوہ نئے چہروں میں نمرہ شاہد اور عرفان موتی والا بھی دکھائی دیں گے۔

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر میں کراچی کو دکھایا گیا ہے اور فلم میں منجھے ہوئے سیاست دانوں کے ایک گروہ کو نیا چہرہ متعارف کراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح منجھے ہوئے سیاسی کھلاڑی نئے اور بھولے نوجوان کو سیاست کا حصہ بنا کر اسے اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

فلم ’وی آئی پی‘ کے ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ فلم کی کہانی کراچی کے میئر کی سیاست کے گرد گھومتی ہے۔

ٹریلر میں کچھ رومانوی مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جب کہ ٹریلر میں سیاست میں آنے کے بعد ہیرو کو اپنے اہل خانہ سے بھی دوری اختیار کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

فلم کے ٹریلر کو جاری کرتے ہوئے اسے عید الاضحیٰ پر ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا، فلم کو ہم ٹی وی کے بینر تلے ریلیز کیا جائے گا۔

پاکستان کی پہلی فضائی ٹیکسی سروس کا آئندہ ماہ کراچی سے آغاز متوقع

1970 سے اب تک قدرتی آفات سے دنیا بھر میں 20 لاکھ سے زائد اموات رپورٹ

کراچی میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والا شخص سویڈن سے گرفتار