پشاور: رنگ روڈ پر دھماکے میں ایک شخص جاں بحق، 3 زخمی
خیبرپختونخوا کی پولیس نے بتایا ہے کہ پشاور میں رنگ روڈ پر واقع موٹر سائیکل کے ورکشاپ پر دھماکے سے ایک شہری جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔
پشاور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ہارون رشید نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو دھماکے میں ایک شہری کے جاں بحق اور 3 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی اور بتایا کہ دھماکا پشتخرہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں ہوا۔
عہدیداروں کے مطابق زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا ہے۔
ہارون رشید نے کہا کہ پولیس ٹیمیں، ایمبولینسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں 200 گرام مواد استعمال کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
دھماکے کی نوعیت کے بارے میں تاحال حتمی طور پر تعین نہیں ہوسکا۔
خیال رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے گزشتہ برس نومبر میں حکومت کے ساتھ سیزفائر ختم کرنے کے اعلان کے بعد حالیہ چند ماہ میں پاکستان بھر میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہوئے اور خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے۔
دہشت گردی کی کارروائیوں سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق جنوری 2023 میں بدترین واقعات پیش آئے اور 2018 کے بعد سب سے زیادہ جانی نقصان ہوا، جہاں 134 افراد کی جان چلی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 139 فیصد اضافہ دیکھا گیا اور ملک بھر میں ہونے والے دہشت گردی کے 44 واقعات میں 254 افراد زخمی بھی ہوئے۔
رواں برس فروری میں پشاور کی پولیس لائنز کی مسجد میں دل خراش واقعے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے حال ہی میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا تھا کہ گزشتہ برس دہشت گردی کے 436 واقعات ہوئے، جن میں 293 افراد شہید اور 521 افراد زخمی ہوئے۔
خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے 219 واقعات میں 192 افراد شہید ہوئے، بلوچستان میں 206 واقعات ہوئے اور 80 افراد اپنی جان گنوا بیٹھے، پنجاب میں 14 افراد اور سندھ بھر میں ہونے والے 6 مختلف واقعات میں 7 افراد شہید ہوئے۔