دنیا

یوکرین امن مذاکرات کیلئے 6 افریقی ممالک کے رہنماؤں کی پیوٹن اور زیلنسکی سے ملاقات متوقع

روسی و یوکرینی صدر نے 6 افریقی ممالک کے حکمرانوں کے ساتھ ملاقاتوں پر اتفاق کرلیا تاکہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے ممکنہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے، صدر جنوبی افریقہ

جنوبی افریقہ کے صدر سیرل رامافوسا نے کہا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے 6 افریقی ممالک کے حکمرانوں کے ساتھ ملاقاتوں پر اتفاق کیا ہے تاکہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے ممکنہ منصوبے پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سیرل رامافوسا نے کہا کہ انہوں نے ولادیمیر پیوٹن اور ولادیمیر زیلنسکی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور دونوں نے بالترتیب ماسکو اور کیف میں زامبیا، سینیگال، کانگو، یوگنڈا، مصر اور ساؤتھ افریقہ کے رہنماؤں پر مشتمل امن مشن کی میزبانی کرنے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے صدر ولادیمیر پیوٹن اور صدر ولادیمیر زیلنسکی دونوں کے ساتھ افریقی سربراہان مملکت کے ساتھ مصروف عمل ہونے کی تیاری شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، ہم امید کر رہے ہیں کہ ہم متعدد امور پر بات چیت کریں گے۔

انہوں نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا جب یوکرین نے چین کے بھیجے گئے خصوصی سفیر کے دورے سے چند گھنٹے قبل راتوں رات روسی ڈرونز اور میزائل مار گرانے کا دعویٰ کیا۔

امن مذاکرات کو فروغ دینے کے لیے چین کے خصوصی سفیر کی دو روزہ دورے پر یوکرین پہنچنے کی توقع ہے۔

یوکرین کے ایک سرکاری ذرائع نے کہا کہ ان کی وزیر خارجہ و دیگر اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات متوقع ہے، ان کا یہ دورہ صدر ولادیمیر زیلنسکی کے اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے فون پر بات کرنے کے 3 ہفتے بعد ہوا ہے۔

وزارت دفاع نے کہا کہ یوکرین کے فضائی دفاعی نظام نے کُل 18 میزائلوں کے ساتھ ساتھ 9 ڈرونز کو بھی مار گرایا، روس نے دعویٰ کیا کہ یہ تمام نشانے عین ہدف پر جالگے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ کے صدر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور افریقی یونین کو امن اقدام پر بریفنگ دی گئی ہے اور انہوں نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔

سیرل رامافوسا نے کہا کہ افریقی ممالک کی جانب سے اس اقدام کو امریکا میں محتاط حمایت حاصل ہے، متعدد یورپی ممالک کے دارالحکومتوں کا بھی دورہ کیا گیا ہے جہاں امن مشن کے سہولت کاروں کو یہ منصوبہ پیش کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔

توہین الیکشن کمیشن کیس: عمران خان 23مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب

دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے پر نائلہ کیانی کو ’ستارہ امتیاز‘ دینے کا اعلان

بھارت: مردہ خاتون نے الیکشن جیت کر سب کو حیران کر دیا