سپریم کورٹ نے عمران خان کی سہولت کاری کا بندوبست کیا، مولانا اسعد الرحمٰن
جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا اسعد الرحمٰن نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو بلا کر سہولت کاری کا بندوبست کیا اور عمران خان اور تحریک انصاف کے بارے میں اپنی روایات پر عمل کرتے ہوئے تحریک انصاف اور ان کی قیادت کے گھناؤنے فعل کو جواز بخشا کہ سیاست میں تشدد کے واقعات ہو سکتے ہیں۔
مولانا اسعد الرحمٰن نے پارلیمنٹ سے خطاب کے دوران کہا کہ کچھ روز قبل تحریک انصاف کے چیئرمین کی گرفتاری ہوئی، ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے گرفتاری پر ایکشن لے کر آئی جی اسلام آباد اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو بلایا اور ان سے استفسار کیا کہ گرفتاری قانونی ہے یا غیرقانونی ہے اور بالآخر انہوں نے فیصلہ دیا کہ گرفتاری قانوناً جائز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگلے روز سپریم کورٹ نے عمران خان کو بلایا اور اس کے لیے سہولت کاری کا بندوبست کیا، اس گرفتاری سے سپریم کورٹ میں حاضر ہونے تک جب دو دن وہ ملکی املاک اور حساس ترین عمارتوں کو نشانہ بنایا تو قوم کے اندر بھی غم و غصہ تھا کہ کیا کوئی اس حد تک بھی انتقامی سیاست کر سکتا ہے کہ وہ ملک کے دفاعی اداروں کے افسران کے گھروں اور مرکزی دفاتر کو نشانہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم اس غصے کے اندر مبتلا تھی کہ سپریم کورٹ نے عمران خان اور تحریک انصاف کے بارے میں اپنی روایات پر عمل کرتے ہوئے تحریک انصاف اور ان کی قیادت کے گھناؤنے فعل کو جواز بخشا کہ سیاست میں تشدد کے واقعات ہو سکتے ہیں، کیا یہ ریلیف تحریک انصاف اور عمران خان کے علاوہ کسی اور پارٹی کو بھی حاصل ہو گا۔