پاکستان

فوج جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے، مارشل لا کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ڈی جی آئی ایس پی آر

آرمی چیف اور فوج کی سینئر قیادت جمہوریت پر مکمل یقین رکھتی ہے، اندرونی شرپسندوں اور بیرونی دشمنوں کی بھرپور کوششوں کے باوجود فوج متحد ہے، میجر جنرل احمد شریف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل احمد شریف نے فوج کے افسران کے استعفوں سے متعلق افواہوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے فوج اپنے چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے اور جمہوریت کے مکمل حامی ہیں لہٰذا مارشل لا کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں میزبان سے بات کرتے ہوئے میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ’اندرونی شرپسندوں اور بیرونی دشمنوں کی پوری کوششوں کے باوجود فوج چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کے زیر متحد تھی، متحد ہے اور متحد رہے گی‘۔

انہوں نے کہا کہ ’اس کو تقسیم کرنے کا خواب خواب ہی رہے گا، نہ تو کسی نے استعفیٰ دیا اور نہ ہی کسی نے حکم کی خلاف ورزی کی ہے‘۔

میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ جونیئر افسران کی جانب سے استعفوں کی خبریں گردش کر رہی ہیں کیا اس میں صداقت ہے تو ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف افواہیں ہیں، کسی نے استعفیٰ نہیں دیا اور ان افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، فوج جنرل عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہے۔

مارشل لا سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ’میں بڑی وضاحت سے کہنا چاہتا ہوں کہ جنرل عاصم منیر اور ان کے نیچے سینئر عسکری قیادت دل و جان سے جمہوریت کی حمایت کرتی ہے اور کرتی رہے گی‘۔

میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ’ملک میں مارشل لا کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے‘۔

ان سے پوچھا گیا کہ جو ڈیڈلاک ہے اس پر آپ جموریت کے تسلسل پر یقین رکھتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ ’جی بالکل میں واضح طور پر کہہ رہا ہوں کہ آرمی کی سینئر قیادت، چیف آف آرمی اسٹاف جمہوریت پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور مارشل لا کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا ہے‘۔

بچوں میں مونگ پھلی سے الرجی کے آسان طریقے کی کامیاب آزمائش

حکومت کا مزید کچھ دن تک انٹرنیٹ بند رکھنے کا عندیہ

انٹرنیٹ سروسز بند، کریم کی کراچی میں مینوئل بکنگ سروس شروع