Live Arrest Of Imran Khan

ملاکنڈ: عمران خان کی گرفتاری کے خلاف احتجاج، پی ٹی آئی کارکن جاں بحق

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملاکنڈ میں مظاہرین نے احتجاج...

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری کے خلاف ملاکنڈ میں مظاہرین نے احتجاج کے دوران چکدرہ انٹر چینج کو آگ لگا دی اور سوات موٹروے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا، علاوہ ازیں سرکاری عمارتوں پر بھی حملے کیے گئے۔

ملاکنڈ لیوز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کئی کارکنان زخمی ہوئے اور ایک کارکن جاں بحق ہو گیا۔

ملاکنڈ سے تعلق رکھنے والے مقامی صحافی ممتاز حسین اور گوہر علی نے بتایا کہ ملاکنڈ میں فائرنگ سے جاں بحق کارکن ذاکر کا تعلق خادگزئی لوئر دیر سے ہے جس کی لاش بٹ خیلہ ہسپتال منتقل ہونے کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی ہے، 13 زخمی کارکنان کا علاج بٹ خیلہ ہسپتال میں جاری ہے۔

علاوہ ازیں سوات اور باجوڑ سمیت خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی مظاہرے جاری ہیں، چارسدہ میں تحریک انصاف کے مشتعل کارکنان نے نستہ انٹر چینج کو آگ لگا دی جبکہ ایم ون موٹروے کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا۔

تحریک انصاف کی مقامی قیادت کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ عمران خان کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔