سوڈان امن مذاکرات کیلئے اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی امور کے سربراہ جدہ پہنچ گئے
سوڈان میں فوج اور پیراملٹری فورسز کے درمیان جنگ بندی پر مذاکرات کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی ہمدردی امور کے اعلیٰ عہدیدار مارٹن گریفتھس سعودی عرب پہنچ گئے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق 15 اپریل سے جاری اس لڑائی میں اب تک متعدد بار جنگ بندی کے معاہدوں کا اعلان اور پھر اس کی فوری خلاف ورزی کی جاچکی ہے۔
شدید لڑائی میں سیکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے، ہزاروں لوگ زخمی ہوچکے ہیں اور ایک ممکنہ انسانی بحران جنم لے رہا ہے۔
سعودی عرب کے شہر جدہ میں جنگ بندی کے لیے مذاکرات جاری ہیں، کامیابی کی صورت میں سوڈان کی محصور آبادی تک انسانی امداد پہنچانے کی کوششوں کو آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق مارٹن گریفتھس گزشتہ روز جدہ میں موجود تھے، ان کے دورے کا مقصد سوڈان میں انسانی ہمدردی کے مسائل پر بات کرنا ہے۔
مارٹن گریفتھس گزشتہ ہفتے پورٹ سوڈان میں تھے، انہوں نے بتایا کہ انہیں اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام نے مطلع کیا ہے کہ معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دارفر کے علاقے میں امداد لے جانے والے 6 ٹرکوں کو راستے میں لوٹ لیا گیا۔
انہوں نے انسانی ہمدردی کے انتظامات ہموار انداز میں جاری رکھنے کے لیے فوج سے حفاظتی ضمانتوں کا مطالبہ کیا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ ممکنہ جنگ بندی کے حوالے سے سعودی عرب میں ہونے والے مذاکرات میں مارٹن گریفتھس براہ راست کوئی کردار ادا کریں گے یا نہیں۔
سعودی عرب اور امریکا نے مذاکرات کی حمایت کی ہے اور فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ فعال انداز میں مذاکرات میں شامل ہوں۔