پاکستان

سندھ میں خالی بلدیاتی نشستوں پر ووٹنگ کا عمل مکمل، گنتی شروع

انتخابی عمل کی سینٹرل کنٹرول روم اسلام آباد سے نگرانی کی جا رہی ہے جہاں الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری بھی ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں، الیکشن کمیشن

سندھ کے 24 اضلاع میں لوکل باڈیز کی 63 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد ڈویژن میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جارہ کردہ بیان کے مطابق سندھ کے 24 اضلاع میں ضمنی بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پر شروع ہوئے اور پرامن ماحول میں ووٹنگ مکمل ہوئی۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ انتخابی عمل کی سینٹرل کنٹرول روم اسلام آباد سے نگرانی کی جا رہی ہے جہاں الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکریٹری ظفر اقبال بھی مانیٹرنگ ٹیم کے ہمراہ موجود ہیں۔

کمیشن نے کہا کہ کچھ پولنگ اسٹیشنز سے موصول شکایات کو فوری طور پر حل کیا گیا ہے جہاں حریف سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان جھڑپیں ہوئی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر ووٹ ڈالنے کے لیے جانے والے شہریوں کی تصاویر بھی جاری کیں۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ سندھ میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں تمام 24 اضلاع میں خواتین، بزرگ اور معذور افراد سمیت ووٹرز کی بڑی تعداد نے پریشانی سے آزاد اور پرامن ماحول میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

کراچی ڈویژن کی 11 یونین کونسلز کی 26 بلدیاتی نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے جہاں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف سمیت دیگر امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی کے سات اضلاع کی کُل 246 یونین کونسلز میں سے 235 یونین کونسلز پر 15 جنوری کو انتخابات ہوئے تھے جس کے بعد گزشتہ چند ماہ کے دوران امیدواروں کی ہلاکت کے باعث 11 حلقوں میں پولنگ ملتوی کردی گئی تھی۔

ضلع وسطی میں نیو کراچی کی یو سی 4 اور یو سی 13 اور نارتھ ناظم آباد کی یو سی 6 میں انتخابی عمل جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ کورنگی کی یو سی 2، شاہ لطیف ٹاؤن کی یو سی 3، لانڈھی کی یو سی 8 پر بھی انتخابی عمل جاری ہے۔

حکام نے مزید کہا کہ ضلع غربی میں اورنگی ٹاؤن کی یو سی 1 اور یو سی 2 اور مومن آباد کی یو سی 8 میں پولنگ شیڈول تھی جبکہ جنوبی اور کیماڑی اضلاع میں صرف ایک، ایک یونین کونسل پر انتخابی عمل جاری ہے۔

اسی طرح بہار کالونی کی یونین کونسل 2 اور بلدیہ کی یونین کونسل 2 پر بھی ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری تھا۔

علاوہ ازیں حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد اور لاڑکانہ کے 19 اضلاع میں 37 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا عمل جاری ہے جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار آمنے سامنے ہیں۔

سندھ بھر میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لیے کُل 6 لاکھ 90 ہزار 295 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔

علاوہ ازیں صوبے بھر میں 449 پولنگ اسٹیشنز ہیں جن میں سے تقریباً 292 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس ہیں جبکہ باقی حساس ہیں، تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

شہری نے اپنی جائیداد مریم نواز کے نام کردی

ٹی وی اداکار شبیر رعنا انتقال کرگئے

مائیگرین کے درد پر کیسے قابو پایا جاسکتا ہے؟