لائف اسٹائل

’دی کیرالہ اسٹوری‘ سے متعلق جمعیت علمائے ہند کی درخواست بھارتی سپریم کورٹ میں مسترد

مسلم مخالف فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو 5 مئی کو بھارت بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

بھارتی سپریم کورٹ نے اسلام اور مسلم مخالف بولی وڈ کی متنازع فلم ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ریلیز روکنے اور فلم کی کہانی کو غیر حقیقی قرار دینے سے متعلق جمعیت علمائے ہند کی درخواست مسترد کردی۔

’دی ہندو‘ کے مطابق جمعیت علمائے ہند نے ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی ریلیز کو روکنے سمیت اس کی کہانی کو غیر حقیقی قرار دینے اور فلم کے پوسٹرز اور ٹریلر میں یہ انتباہ جاری کرنے کی درخواست کی تھی کہ فلم کی ٹیم واضح طور پر لکھے کہ کہانی کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جمعیت علمائے ہند نے آرٹیکل 32 کے تحت سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، تاہم اعلیٰ عدالت نے مذہبی جماعت کی درخواست مسترد کردی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سپریم کورٹ نے جمعیت علمائے ہند کی درخواست پر مختصر سماعت کرتے ہوئے تنظیم کو ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے کی تجویز دی۔

سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ مذکورہ معاملے پر اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کا کوئی خاص جواز موجود نہیں، بہتر ہوگا کہ اس کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائے اور سپریم کورٹ ماتحت عدالت کو جمعیت علمائے ہند کی درخواست ترجیحی بنیادوں پر سننے کی ہدایت کرے گی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب جمعیت علمائے ہند ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرے گی کہ ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے، کیوں کہ اس سے فرقہ ورانہ فسادات پھیل سکتے ہیں۔

اسی حوالے سے ’انڈیا ٹوڈے‘ نے بتایا کہ جمعیت علمائے ہند کی جانب سے اعلیٰ عدالت کو درخواست کی گئی تھی کہ فلم کی ٹیم کو ہدایات جاری کی جائیں کہ وہ ٹریلر اور پوسٹرز میں واضح انتباہ لکھیں کہ فلم کی کہانی خیالی ہے، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اس وقت فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر میں بتایا گیا ہےکہ فلم کی کہانی سچے واقعات سے اخذ کی گئی ہے۔

’انڈیا ٹوڈے‘ کے مطابق جمعیت علمائے ہند کے علاوہ کیرالہ کی حکومت نے بھی مرکزی حکومت کو درخواست کی ہے کہ فلم کی نمائش پر پابندی عائد کی جائے اور یہ کہ فلم میں کیے گئے دعوے غیر حقیقی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملک کے خفیہ اداروں نے بھی مرکزی حکومت کو اپنی رپورٹس میں بتایا ہے کہ ’دی کیرالہ اسٹوری‘ کی نمائش کے موقع پر کیرالہ کے علاوہ تامل ناڈو جیسی ریاستوں میں فرقہ ورانہ ہنگامے برپا ہو سکتے ہیں۔

خفیہ اداروں نے مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو فلم کی نمائش کے موقع پر سیکیورٹی سخت رکھنے کی ہدایات کی ہیں جب کہ فلم کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد بھارت بھر کے مسلمانوں میں بھی غم و غصے کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔

’دی کیرالہ اسٹوری‘ کو 5 مئی کو بھارت بھر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، فلم کی کہانی سدیپتو سین نے لکھی ہے اور انہوں نے ہی اس کی ہدایات دی ہیں۔

فلم میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھارتی ریاست کیرالہ سے 32 ہزار نوجوان اور کم عمر لڑکیاں غائب ہوکر داعش میں شمولیت اختیار کر چکی ہیں جو بھارت، شام اور لیبیا سمیت دیگر ممالک میں دہشت گردی پھیلا رہی ہیں۔

فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر سے واضح طور پر معلوم ہوتا ہے کہ فلم کو خاص پروپیگنڈا کے تحت بنا کر مسلمانوں کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور دکھایا گیا ہے کہ مقامی علما ہی خواتین کو دین اسلام کی جانب راغب کرکے انہیں مسلمان بنا رہے ہیں۔

فلم کے ٹریلر جاری کیے جانے کے بعد متعدد بھارتی سیاست دانوں اور سماجی رہنماؤں نے بھی اس کی کہانی کو من گھڑت اور بھارت کی بدنامی قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔

طویل عرصے بعد بشریٰ انصاری اسٹینڈ اپ کامیڈی شو ’ملکہ تبسم‘ کرنے کو تیار

سابق اداکارہ نور بخاری کے ہاں بیٹے کی پیدائش

فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں میرا کردار عامر لیاقت کرنا چاہتے تھے، مانی کا انکشاف