پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف برطانوی بادشاہ کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کیلئے لندن پہنچ گئے

کنگ چارلس سوم کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے علاوہ دولت مشترکہ کے رہنماؤں کی کانفرنس میں بھی شرکت کروں گا، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی تاج پوشی کی رسم میں شرکت کے لیے لندن پہنچ گئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) نے آگاہ کیا کہ وزیراعظم برطانیہ کے دورے پر لندن پہنچے جہاں پاکستان کے برطانیہ میں ہائی کمشنر اور برطانیہ کے وزیرِ خارجہ کے خصوصی نمائندے نے ان کا استقبال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم اپنے دورے میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم کی رسم تاج پوشی میں شرکت کریں گے اور اس کے علاوہ وزیر اعظم دولت مشترکہ کے رکن ممالک کے سربراہان کے اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم شہباز شریف چارلس سوم کی جانب سے تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے لندن آئے ہوئے دیگر سربراہانِ ممالک کی دعوت پر کانفرنس میں شرکت کریں گے جہاں دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورہ لندن میں مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات بھی کریں گے۔

پاک-برطانیہ کثیرالجہتی روابط مزید مضبوط ہوئے ہیں، برطانیہ روانگی سے قبل بیان

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانیہ روانگی سے قبل کہا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین تعلقات مشترکہ تاریخ میں پیوست ہیں اور دونوں ممالک کے مابین کثیرالجہتی روابط کئی دہائیوں کے دوران مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

بدھ کو کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے لیے برطانیہ روانگی سے قبل اپنے ٹوئٹ میں شہباز شریف نے کہا کہ برطانوی شاہی خاندان ہمیشہ پاکستان کا عظیم دوست رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب میں شرکت کے علاوہ میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کی کانفرنس میں بھی شرکت کروں گا، اس موقع پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ دوطرفہ بات چیت اور تبادلۂ خیال کا موقع بھی میسر آئے گا۔

خیال رہے کہ 28 اپریل کو دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے پریس بریفنگ میں کہا تھا کہ وزیر اعظم 5 مئی کو لندن میں دولت مشترکہ کے رہنماؤں کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گے اور 6 مئی کو برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کی تقریب میں شریک ہوں گے۔

74 سالہ چارلس گزشتہ سال ستمبر میں ملکہ الزبتھ کے انتقال کے بعد بادشاہ بنے تھے، شاہی روایت کے مطابق برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی کچھ مہینوں بعد قومی سوگ اور بھرپور تیاریوں کے بعد ہوتی ہے۔

کنگ چارلس سوئم کی تاج پوشی کی تقریب 6 مئی کو لندن کے ویسٹ منسٹر ایبی میں منعقد ہوگی، تقریب میں آئرلینڈ، فرانس، اسپین، بیلجیئم، جاپان، ہنگری اور آسٹریلیا سمیت دنیا بھر سے سربراہان مملکت کی شرکت متوقع ہے۔

بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کی ایک طویل تاریخ ہے جو پاکستانی۔برطانوی کمیونٹی میں مضبوطی سے جڑی ہے۔

آزادی صحافت کا عالمی دن، جبر اور غلط معلومات کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار

فلم ’منی بیک گارنٹی‘ میں میرا کردار عامر لیاقت کرنا چاہتے تھے، مانی کا انکشاف

’14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کا انعقاد ناممکن ہے‘، الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست