پاکستان

ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو لیک، تحقیقات کیلئے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی تشکیل

کمیٹی کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی مدد لے سکے گی اور جامع تحقیقات کرکے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی، نوٹیفکیشن
|

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے خصوصی کمیٹی قائم کر دی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نےکمیٹی کی تشکیل کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے، محمد اسلم بھوتانی کمیٹی کے چیئرمین مقرر کیے گئے ہیں۔

کمیٹی میں شامل دیگر ارکان میں شاہدہ اختر علی، محمد ابوبکر، چوہدری محمد برجیس طاہر، شیخ روحیل اصغر شامل ہیں۔

علاوہ ازیں سید حسین طارق، ناز بلوچ، خالد حسین مگسی، وجیہہ قمر اور ڈاکٹر محمد افضل خان ڈھانڈلہ بھی کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیں۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی اپنی تحقیقات اور انکوائری کے سلسلے میں کسی بھی تحقیقاتی ادارے کی مدد لے سکے گی اور اپنی جامع تحقیقات کرکے رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 29 اپریل کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے صاحبزادے نجم ثاقب کی پنجاب اسمبلی کے حلقہ 137 سے پاکستان تحریک انصاف کا ٹکٹ لینے والے ابوذر سے گفتگو کی مبینہ آڈیو منظر عام پر آگئی تھی جس میں انہیں پنجاب اسمبلی کے ٹکٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سنا گیا۔

مبینہ آڈیو میں حلقہ 137 سے امیدوار ابوذر چدھڑ سابق چیف جسٹس کے بیٹے سے کہتے ہیں کہ آپ کی کوششیں رنگ لے آئی ہیں، جس پر نجم ثاقب کہتے ہیں کہ مجھے انفارمیشن آگئی ہے۔

اس کے بعد نجم ثاقب پوچھتے ہیں کہ اب بتائیں اب کرنا کیا ہے؟ جس پر ابوزر بتاتے ہیں کہ ابھی ٹکٹ چھپوا رہے ہیں، یہ چھاپ دیں، اس میں دیر نہ کریں، ٹائم بہت تھوڑا ہے۔

پھر نجم ثاقب ان کو ثاقب نثار سے ملنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ بس بابا کو ملنے آجانا شکریہ ادا کرنے کے لیے، اور کچھ نہیں جس پر ابوذر کہتے ہیں کہ یقیناً، کیسی بات کر رہے ہیں۔

نجم ثاقب کہتے ہیں کہ وہ 11 بجے تک واپس آجائیں گے، ان کو جھپی ڈالنے آجانا بس، انہوں نے بہت محنت کی ہے، بہت محنت کی ہے۔

اس کے بعد ابوذر کہتے ہیں کہ اچھا میں سوچ رہا تھا کہ پہلے انکل کے پاس آؤں یا شام کو ٹکٹ جمع کراؤں جس پر نجم ثاقب کہتے ہیں کہ وہ مرضی ہے تیری، لیکن آج کے دن میں مل ضرور لینا بابا سے جس کے بعد ابوذر کہتے ہیں کہ یقیناً، سیدھا ہی ان کے پاس آنا ہے۔

اس حوالے سے تحقیقات کے لیے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں تحریک کثرت رائے سے منظور کی گئی تھی۔

سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کے بیٹے کی مبینہ آڈیو کی تحقیقات سے متعلق تحریک جے یو آئی (ف) کی رہنما شاہدہ اختر علی نے پیش کی۔

تحریک کے متن کے مطابق سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب کی آڈیو سامنے آئی ہے، مبینہ آڈیو کے معاملے کی فرانزک تحقیقات کرائی جائیں، نجم ثاقب کی آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے۔

شاہدہ اختر علی نے کہا تھا کہ کمیٹی مقررہ میعاد کے اندر تحقیقات مکمل کرے، نجم ثاقب سے تحقیقات کے لیے اداروں سے تعاون لیا جائے، نجم ثاقب کی آڈیو کا فرانزک کرایا جائے، کمیٹی کے اراکین اور قواعد و ضوابط (ٹی او آرز) طے کیے جائیں۔

پی ٹی آئی اگست کے وسط میں انتخابات کے انعقاد کی خواہاں

طلاق کے بعد میری سابق بیویاں پہلے سے بہتر زندگی گزار رہی ہیں، شمعون عباسی

آسٹریلیا: ای سگریٹ کےخلاف کریک ڈاؤن، ویپز پر پابندی عائد