سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ پر وائس میسیج کو تحریر میں تبدیل کرنے کے فیچر کی آزمائش

اس وقت واٹس ایپ سمیت دیگر میسیجنگ ایپلی کیشن میں اس طرح کا کوئی فیچر موجود نہیں۔

دنیا کی سب سے بڑی اور مصروف انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر جلد ہی ایک زبردست فیچر پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس کے تحت صارفین وائس میسیجز کو تحریر میں تبدیل کر سکیں گے۔

اس وقت واٹس ایپ سمیت دیگر میسیجنگ ایپلی کیشن میں اس طرح کا کوئی فیچر موجود نہیں، تاہم بعض سوشل ویب سائٹس میں اس سے ملتے جلتے فیچرز موجود ہیں۔

تاہم اب خبر سامنے آئی ہے کہ واٹس ایپ کے ماہرین ایک ایسے فیچر کی آزمائش پر کام کر رہے ہیں، جس کے تحت وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

واٹس ایپ اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق ماہرین نے بعض آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کو مذکورہ فیچر تک رسائی دے دی ہے، جس کے تحت کسی بھی وائس نوٹ کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر مذکورہ فیچر میں چند بڑی زبانوں میں آنے والے وائس نوٹس کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

ابتدائی طور پر انگریزی، ہسپانوی، اطالوی، روسی، ترک، فرینچ، جرمن، عربی، چینی، جاپانی، پورچوگیزی اور کنٹنیز زبان کے وائس میسیجز کو تحریر میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

فیچر کے تحت جیسے ہی کسی صارف کو وائس نوٹ موصول ہوگا، اس کے نیچے ایک بار میں صارف کو یہ آپشن دیا جائے گا کہ وہ چاہیں تو اسے تحریر میں بھی تبدیل کر سکتے ہیں۔

مذکورہ فیچر عام طور پر صارفین کے لیے اس وقت مددگار ثابت ہوگا جب وہ کسی شور شرابے والی جگہ پر وائس نوٹ سننے کے قابل نہیں ہوں گے۔

اسی طرح مذکورہ فیچر کے تحت صارفین کو کسی خاص جملے کے الفاظ کو دوبارہ سمجھنے اور انہیں پوری تحریر میں تلاش کرنے کے لیے بھی آسانی کا فیچر فراہم کیا جائے گا اور وہ صارفین کنٹرول ایف کے تحت کسی بھی خاص لفظ کو جلد تلاش کر سکیں گے اور ایسے میں تلاش کیا جانے والا لفظ دوسرے رنگ میں تبدیل ہوجائے گا۔

ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ مذکورہ فیچر کب تک عام صارفین کے لیے پیش کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ اسے رواں برس کے اختتام تک متعارف کرادیا جائے گا۔

واٹس ایپ میں ’وائس اسٹیٹس‘ کا فیچر متعارف ہونے کا امکان

واٹس ایپ پر ڈیلیٹ کیے گئے میسیج کو واپس لانے کا فیچر متعارف

واٹس ایپ پر ’وائس اسٹیٹس‘ شیئر کرنے کا طریقہ جانتے ہیں؟