دنیا

امریکا: ٹیکساس میں مسلح شخص کی فائرنگ، بچے سمیت 5 افراد ہلاک

متعدد دیگر افراد کی حالت کئی گولیاں لگنے کے سبب تشویشناک ہے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

امریکی ریاست ٹیکساس میں مسلح شخص نے ایک گھر میں 8 سالہ بچے سمیت 5 افراد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ تفتیش کاروں کا خیال ہے کہ مسلح شخص اپنی اے آر-15 بندوق سے ہمسایہ گھر کے احاطے میں فائر کر رہا تھا جب متاثرین نے اسے رکنے کو کہا کیونکہ وہ بچے کو سلانے کی کوشش کر رہے تھے۔

سان جیکنٹو کاؤنٹی کے شیرف گریگ کیپرز نے ایک خوفناک منظر بیان کیا جب حکام جمعہ کو رات 11 بج کر 30 منٹ کے قریب ’ہراسمنٹ‘ کے بارے میں فون موصول ہونے کے بعد رہائش گاہ پر گئے۔

رپورٹ کے مطابق متاثرین کی عمریں 8 سے 40 سال کے درمیان تھیں، ایک مرد اور خاتون کی لاشیں بچوں کے اوپر پڑی ہوئی تھیں جو قتل عام سے بچ گئے۔

شیرف کے دفتر نے فیس بک پوسٹ پر بتایا کہ متعدد دیگر افراد کی حالت کئی گولیاں لگنے کے سبب تشویشناک ہے، جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

شیرف گریگ کیپرز نے رپورٹرز کو بتایا کہ تمام متاثرین کا تعلق ہونڈورس سے ہے، مزید بتایا کہ جس وقت واقعہ ہوا گھر میں 10 افراد موجود تھے۔

حکام نے بتایا کہ 39 سالہ فرانزسکو اورپیزا کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے ہیں، جس پر 5 افراد کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

گن وائلنس آرکائیو کے مطابق امریکا میں رواں سال اب تک فائرنگ کے 170 سے زائد بڑے واقعات ہو چکے ہیں، جس میں 4 یا اس سے زیادہ افراد زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ 16 اپریل 2023 کو امریکی ریاست الاباما میں نوجوان کی سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبرکے مطابق مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ فائرنگ کا واقعہ ریاستی دارالحکومت منٹگمری کے شمال مشرق میں واقع چھوٹے سے قصبے ڈیڈویل کے ڈانس اسٹوڈیو میں سویٹ 16 پارٹی کے دوران پیش آیا جس میں کم از کم 20 افراد کو گولی ماری گئی۔

خوراک، توانائی کی بلند قیمتوں کے سبب مہنگائی کی شرح 38 فیصد پر پہنچنے کا خدشہ

امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کے سیاسی بحران کی بازگشت

حکومت، پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کے مثبت نتائج برآمد ہونے کے امکانات ’انتہائی کم‘