خیرپور: کراچی ایکسپریس کی بوگی میں آتشزدگی، خاتون اور بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق
ٹنڈو مستی اور خیرپور کے درمیان کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی بوگی نمبر 17 میں آتشزدگی کے باعث خاتون اور 4 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پاکستان ریلوے حکام کے مطابق 26 اور 27 اپریل کی درمیانی شب ساڑھے 12 بجے کراچی سے لاہور جانے والی کراچی ایکسپریس کی ایئرکنڈیشنڈ بزنس کوچ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس پر فوری طور پر گاڑی کو ٹنڈو مستی خان اسٹیشن کے قریب روک لیا گیا۔
ہنگامی طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی جس کی پہلی گاڑی رات ایک بج کر 50 منٹ تک موقع پر پہنچی اور تقریباً 40 منٹ کی تگ و دو کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا، ریسکیو کارروائیوں میں پاک فوج نے بھی حصہ لیا۔
ڈی سی او ریلوے محسن سیال کے مطابق 70 سالہ خاتون رابعہ بی بی نے جان بچانےکے لیے متاثرہ بوگی سے چھلانگ لگادی تھی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئیں اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسیں۔
وزارت ریلوے سے جاری بیان کے مطابق جلی ہوئی بوگی سے ایک مرد اور 4 بچوں کی لاشیں ملی ہیں، جاں بحق ہونے والے چار بچوں اور خاتون کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے ساتوں افراد کی لاشیں سول ہسپتال خیرپور منتقل کردی گئیں۔
پولیس سرجن ڈاکٹر ابو طالب کے مطابق جاں بحق افراد میں سے 6 کی لاشیں جھلس جانے کی وجہ سے ناقابل شناخت ہیں، ان کی شناخت کے لیے ورثا کے ڈی این اے نمونے لیے جائیں گے، سیمپلز کی میچنگ کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔
حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد ڈی ایس سکھر، ڈی سی او سکھر اور دیگر ریلوے افسران موقع پر موجود رہے اور صورتحال کی نگرانی اور وزارت میں رپورٹ کرتے رہے۔
کراچی ایکسپریس سے متاثرہ کوچ کو علیحدہ کرنے کے بعد صبح پونے 7 بجے جانب منزل روانہ کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ وزارت ریلوے نے بوگی میں آگ لگنے کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق اس ضمن میں فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹر آف ریلویز کی سربراہی میں ٹیم جائے وقوع پہنچی جس کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حادثے کی وجوہات سے میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا۔
وزیراعظم، وزیر خارجہ کا کراچی ایکسپریس میں آتشزدگی پر اظہار افسوس
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کراچی ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے زخمیوں کو ہر قسم کی علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے وفاقی وزیرِ ریلوے کو اس پر رپورٹ جلد مکمل کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی، وزیرِ اعظم نے جاں بحق وانے والوں کیلئے مغفرت کی بھی دعا کی۔
دوسری جانب، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی ایکسپریس میں آتشزدگی پر اظہار افسوس کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی ایکسپریس اور ٹھٹہ حادثہ میں قیمتی جانوں کا ضیاع باعثِ صدمہ ہے، مذکورہ حادثات میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ مرحومین کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں، متعلقہ حکام حادثات کے اسباب معلوم کرنے کے لیے فوری تحقیقات کو یقینی بنائیں۔
چیئرمین پی پی کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں ایسے حادثات کی روک تھام بھی متعلقہ حکام کی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔