کھیل

پاکستان، نیوزی لینڈ ورلڈ کپ سے قبل اہم ون ڈے سیریز کیلئے تیار

دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعرات کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ ہفتے کو ہوگا جبکہ آخری 3 میچ کراچی میں ہوں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 سیریز کے بعد 5 ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز راولپنڈی میں جمعرات سے شروع ہونے جارہی ہے جو ورلڈ کپ سے قبل اہم ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان 5 میچوں کی سیریز ایک دوسرے کی خامیوں کو سمجھنے کے ساتھ ساتھ اکتوبر اور نومبر میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہمیت کی حامل ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے لاہور میں شروع ہونے والی ٹی20 سیریز میں مایوس کن آغاز کیا تھا اور ابتدائی دونوں میچوں میں شکست کھائی تھی، تاہم اس کے بعد سیریز میں واپسی کی۔

ٹی20 میچوں کی سیریز کا ایک میچ بارش کے باعث نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا اور دوسری جانب نیوزی لینڈ نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آخری دونوں میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے سیریز جیتنے کا خواب چکنا چور کر دیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 24 اپریل کو راولپنڈی میں کھیلے گئے آخری ٹی20 میں چیپمین کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پاکستان کو شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی تھی۔

مہمان ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور ابتدائی میچوں میں خسارے میں جانے کے بعد واپسی کی، تاہم چوتھے میچ میں بارش کے باعث سیریز نتیجہ خیز نہ ہوسکی۔

سیریز کے آخری ٹی20 میں شاندار بیٹنگ کرنے والے مارک چیپمین کو ایک روزہ سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا، بلے باز نے مختصر ترین طرز کرکٹ میں مجموعی طور پر 290 رنز بنائے اور صرف ایک دفعہ آؤٹ ہوئے۔

مارک چیپمین ٹی20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بھی ہیں۔

نیوزی لینڈ کے ون ڈے اسکواڈ میں ٹام بلنڈیل کو بھی شامل کرلیا گیا ہے جنہیں حال ہی میں وزڈن کے سال کے بہترین 5 کھلاڑیوں میں شامل کرلیا گیا تھا، ان کے ساتھ ساتھ ہینری نیکولس کو بھی منتخب کیا گیا ہے۔

دوسری جانب عالمی درجہ بندی میں پانچویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم ایک مرتبہ پھر کپتان بابر اعظم پر انحصار کرے گی کیونکہ وہ گزشتہ دو برس سے مسلسل ایک روزہ کرکٹ کے سرفہرست بلے باز ہیں۔

بابر اعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے بارے میں بتایا کہ یہ پانچوں میچ ورلڈ کپ کے لیے ہماری تیاری کے حوالے سے اہم ہیں، ہمارے پاس ایشیا کپ سمیت 8 میچز ہیں اور ہم ان میچز کو ورلڈ کپ کی تیاری کے طور پر لیں گے۔

پاکستان نے بابراعظم کی قیادت میں ایک روزہ میچوں کی 5 سیریز میں فتح حاصل کرلی ہے تاہم دو سیریز میں اسے شکست ہوئی، جن میں ایک 2021 میں انگلینڈ اور دوسری رواں برس نیوزی لینڈ کے خلاف تھی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے پاکستان پر برتری حاصل کرلی ہے اور آخری 6 سیریز میں سے 5 میں فتح حاصل کی ہے اور ایک سیریز برابر ہوئی تھی۔

نیوزی لینڈ کو پاکستان کے ہاتھوں ایک روزہ سیریز میں آخری مرتبہ شکست 2011 میں ہوئی تھی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ایک روزہ سیریز کا آغاز جمعرات کو راولپنڈی میں ہوگا اور دوسرا میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیمیں سیریز کے آخری 3 میچوں کے لیے کراچی آئیں گی جہاں 3، 5 اور 7 مئی کو بالترتیب تیسرا، چوتھا اور پانچواں میچ کھیلا جائے گا۔

سیریز کے لیے اسکواڈز

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، محمد حارث، حارث رؤف، حارث سہیل، احسان اللہ، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم، نسیم شاہ، آغا سلمان، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، اسامہ میر

نیوزی لینڈ: ٹام لیتھم (کپتان)، ٹام بلینڈل، چاڈ بوویس، مارک چیپمین، میٹ ہینری، بین لسٹر، کول مک کونیئے، ایڈم ملنے، ڈیرل مچل، جمی نیشام، ہینری نیکولس، رچن رویندرا، ہینری شپلے، اش سودھی، بلیئر ٹکنر، ول ینگ

ملک میں بارش کا نیا سلسلہ، کراچی میں 28 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

جیکب آباد میں ڈاکوؤں کا پولیس پارٹی پر حملہ، 6 اہلکار شہید

ملک میں مقامی طور پر منکی پاکس وائرس منتقلی کے ثبوت نہیں ہیں، وزارت قومی صحت