غیر قانونی بھارتی مواد نشر کرنے کے خلاف پیمرا کا کریک ڈاؤن
الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹر نے غیر قانونی بھارتی چینلز نشر کرنے والے کیبل ٹی وی آپریٹرز کے خلاف ملک گیر آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے کیبل ٹی وی آپریٹرز کو خبردار بھی کیا ہے کہ وہ بھارتی مواد کی نشریات کو فوری طور پر بند کر دیں جسے اتھارٹی نے غیر قانونی یا ممنوع قرار دیا تھا۔
اتھارٹی نے کہا ہے کہ پیمرا لائسنس یافتہ کے سوا کسی اور چینل کو کیبل ٹی وی نیٹ ورکس پر تقسیم کی اجازت نہیں ہوگی اور کسی بھی خلاف ورزی پر پیمرا قوانین کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا کہ اس کے علاقائی دفاتر نے ان کیبل آپریٹرز کی خلاف ورزیوں کی رپورٹوں پر نفاذ کی مہم چلائی جو غیر قانونی طور پر بھارتی چینلز نشر کر رہے ہیں۔
یہ عدالت عظمیٰ اور پیمرا کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کی خلاف ورزی ہے۔
کراچی کے علاقائی دفتر نے مختلف علاقوں میں اچانک معائنہ کیا اور کیبل آپریٹرز، یعنی ڈیجیٹل کیبل نیٹ ورک، ہوم میڈیا کمیونیکیشنز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، شاہ زیب کیبل نیٹ ورک اور اسکائی کیبل وژن پر چھاپے مارے۔
حیدرآباد کے دفتر نے 23 کیبل آپریٹرز پر چھاپہ مارا اور 8 نیٹ ورکس کو ضبط کیا جو غیر قانونی بھارتی مواد نشر کر رہے تھے۔
اسی طرح سکھر میں بھی اچانک چھاپہ مارا گیا جس میں میڈیا پلس لاڑکانہ اور یونیورسل سی ٹی وی نیٹ ورک لاڑکانہ غیر قانونی مواد نشر کرتے پائے گئے۔
ملتان کے دفتر نے بہاولنگر شہر میں مختلف کیبل آپریٹرز کے دفاتر پر چھاپہ مارا جو بھارتی مواد نشرر کررہے تھے۔