دنیا

دنیا بھر میں عید کی دلچسپ و منفرد روایات

دنیا بھر کے مسلمان خوشیوں اور رنگوں سے بھرے عیدالفطر کا تہوار مناتے ہیں اور ہر حصے میں عید کے رنگ الگ ہیں۔

رمضان المبارک کا اختتام عید الفطر کے ساتھ ہوتا ہے جسے خوشی کا دن قرار دیا گیا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان خوشیوں اور رنگوں سے بھرے عیدالفطر کا تہوار مناتے ہیں لیکن دلچسپ امر یہ ہے کہ دنیا کے ہر حصے میں عید کے رنگ الگ ہیں۔

دنیا کے مختلف حصوں میں عید کی روایات کے بارے میں جاننا آپ کے لیے بھی دلچسپ تجربہ ثابت ہوگا۔


پاکستان

پاکستان میں عید کے موقع پر لوگ صبح ہی نئے کپڑے پہن کر نماز عید کے لیے تیار ہوتے ہیں اور غریب افراد کی مدد کے لیے نماز سے قبل صدقۂ فطر کی ادائیگی کرتے ہیں۔ عید کے موقع پر کئی روز تک تعطیلات ہوتی ہیں تاہم جن کا سلسلہ مہینہ بھر ہی دعوتوں کی شکل میں جاری رہتا ہے جبکہ پاکستان میں ابھی تک عید کارڈز دینے کی خوبصورت روایت نے مکمل طور پر دم نہیں توڑا ہے۔

ویسے پاکستان میں عید بچوں کی ہی سمجھی جاتی ہے جنھیں خاص طور پر بڑوں کی جانب سے پیسوں کی شکل میں عیدی کا تحفہ دیا جاتا ہے اور انہیں اپنی یہ رقم مرضی سے خرچ کرنے کی اجازت ہوتی ہے، ٹی وی چینلز پر عید کی مناسبت سے خصوصی پروگرامز تیار کئے جاتے ہیں۔


سعودی عرب

سعودی عرب میں عید بھرپور جوش و جذبے سے منائی جاتی ہے اور سعودی شہری طرح طرح کے پکوان بنا کر رشتے داروں اور دوستوں کی تواضع کرتے ہیں جبکہ گھروں کو سجایا جاتا ہے۔ نمازِ عید کے بعد سب خاندان آبائی گھروں میں جمع ہوتے ہیں۔ بچوں کو تحفوں سے بھرے بیگ دیے جاتے ہیں۔ یہ بھی ایک روایت ہے کہ لوگ عید کے روز بڑی مقدار میں چاول اور دوسری اجناس خریدتے ہیں جو وہ غریب خاندانوں کے گھروں کے باہر چھوڑ آتے ہیں۔


تیونس

تیونس میں عید الفطر کا تہوار تین سے چار روز تک منایا جاتا ہے جن میں صرف عید کے پہلے اور دوسرے روز ہی چھٹی ہوتی ہے۔ دوستوں اور عزیزوں کی تواضع کے لیے خاص کوکیز بنائے جاتے ہیں جن میں ترکی کی روایتی مٹھائی اور کئی طرح کے کیک بھی شامل ہوتے ہیں۔

عید کے دن رقص و موسیقی کی محافل سجائی جاتی ہیں جب کہ تحفے تحائف دینے کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ شام کے وقت عید کی مناسبت سے خاص طور پر تیار کیے گئے پکوان دستر خوان کی زینت بنتے ہیں۔ لوگ رشتہ داروں اور دوستوں کے گھر عید کی مبارک باد دینے کے لیے جاتے ہیں۔ یوں یہ خوشیوں بھرا تہوار ہر چہرے پر مسکراہٹ بکھیرنے کا سبب بنتا ہے۔


بنگلہ دیش

بنگلہ دیش میں بھی عید کا تہوار تین روز تک منایا جاتا ہے اور سرکاری چھٹیاں دی جاتی ہیں۔ دیگر مسلمان ممالک کی طرح یہاں بھی دن کا آغاز نماز سے ہوتا ہے اور اس کے بعد رشتہ داروں سے ملاقاتیں ہوتی ہیں۔ عید کے موقع پر زکوٰة اور فطرانہ بھی دیا جاتا ہے۔ عید پر نئے لباس پہنے جاتے ہیں جبکہ گھروں میں خصوصی دعوتوں کا اہتمام ہوتا ہے اور خواتین اپنا ایک ہاتھ مہندی سے سجاتی ہیں۔


افغانستان

عیدالفطر افغانستان کے مسلمانوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل دن ہے جسے تین دن تک پورے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ پشتو بولنے والی برادری عید کو ‘کوچنائی اختر’ پکارتے ہیں۔ عید کی تیاری دس روز پہلے ہی شروع ہو جاتی ہے گھروں کی صفائی ہوتی ہے اور عید سے چند روز قبل بازاروں کا رخ کیا جاتا ہے تاکہ مٹھائیاں اور نئے کپڑے خریدے جا سکیں۔ عید کے پرمسرت موقع پر مہمانوں کی تواضع کرنے کے لیے جلیبیاں اور کیک بانٹا جاتا ہے جسے ‘واکلچہ’ کہا جاتاہے۔ افغانی عید کے پہلے دن اپنے گھروں پر پورے خاندان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں۔


ملائیشیا

ملائیشیا میں عید کا مقامی نام ہاری ریا عیدالفطری ہے جس کا مطلب ہے کہ منانے والا دن، ملائیشیا میں عید کے دن لوگ خصوصی لباس زیب تن کرتے ہیں اور گھروں کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے جاتے ہیں تاکہ خاندان، ہمسائے اور دوسرے ملنے والے لوگ آ جا سکیں۔ عید پر روایتی آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا جاتا ہے جس میں چین سے خصوصی طور پر منگوائے گئے کریکرز استعمال کیے جاتے ہیں۔ اس آتشبازی کو دیکھنے کے لیے چھوٹے بڑے بچے، عورتیں بازاروں کا رخ کرتے ہیں۔ ملائیشیا میں عید کے موقع پر بچوں کو عیدی دی جاتی ہے جیسے ‘دوت رایا’ کہا جاتا ہے۔


مصر

مصرمیں عید تین روزہ تہوار کے طور پر منائی جاتی ہے۔ عید کے موقع پر یونیورسٹیوں، اسکولوں اور سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں عام تعطیلات ہوتی ہیں اور عید کے موقع پر بڑے بڑے سٹورز اور ریسٹورانٹس بھی بند رہتے ہیں۔ عید کے دن کے آغاز پر بڑے بچوں کو لے کر مساجد کا رخ کرتے ہیں جبکہ خواتین گھر میں اہتمام کرتی ہیں۔ عید کی نماز کے بعد ہر کوئی ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیتا ہے۔ پہلے دن کو خاندان دعوتوں میں مناتے ہیں جبکہ دوسرے اور تیسرے دن سینما گھروں، تھیٹروں اور پبلک پارکس کے علاوہ ساحلی علاقوں میں ہلا گلا کیا جاتا ہے۔ بچوں کو عام طور پر نئے کپڑوں کا تحفہ دیا جاتا ہے جبکہ خواتین اور عورتوں کے لیے بھی خصوصی تحائف کا اہتمام کیا جاتا ہے۔


امریکا

امریکا میں مسلمان عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے اسلامک سینٹرز میں اکٹھے ہوتے ہیں اور اس موقع پر پارک میں بھی نماز کی ادائیگی ہوتی ہے۔ مختلف نسلوں اور ثقافتوں کے حامل مسلمان مل کر خدا کے حضور سجدہ بسجود ہو کر شکر ادا کرتے ہیں۔ مخیر حضرات اس بابرکت موقع پر بڑی بڑی پارٹیوں کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔ ان کے علاوہ اسلامک سینٹرز میں عید ملن پارٹیوں کا انعقاد ہوتا ہے عید کی تقریبات تین دن تک جاری رہتی ہے۔ بڑے بچوں کو عیدی دیتے ہیں جبکہ خاندان آپس میں تحائف کا تبادلہ بھی کرتے ہیں۔


چین

عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری طور پر تسلیم کیے گئے 56 نسلی گروہوں میں سے 10 عید الفطر مناتے ہیں۔ جن کی اکثریت مسلمان ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان گروہوں کی آبادی ایک کروڑ اسّی لاکھ ہے، عید کے روز مسلم اکثریتی علاقوں میں سرکاری چھٹی ہوتی ہیں،ان علاقوں کے رہائشی مذہب سے بالاتر ہو کر ایک سے تین روز تک کی سرکاری چھٹی کر سکتے ہیں۔


انڈونیشیا

انڈونیشیا میں اس عید کو عیدالفطری او’ لیباران بھی کہا جاتا ہے۔ عید پر شاپنگ کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد بازاروں کا رخ کرتی ہے اور عید کے لیے کپڑے، جوتے اور مختلف انواع کی مٹھائیاں خریدتے ہیں۔ لیباران کے پرمسرت موقع پر لوگ دوردراز علاقوں سے اپنے آبائی گھروں کا رخ کرتے ہیں۔ اس موقع پر پرانی تلخیوں کو ختم کرنے کے لیے بزرگوں سے معافیاں مانگی جاتی ہیں اور سسرالی خاندان کے خصوصی دورے بھی کیے جاتے ہیں۔

عید سے قبل رات کو ‘تیکرائن’ کہا جاتا ہے۔ اس رات لوگوں کے ماشاءاللہ کہنے سے ماحول گونج اٹھتا ہے، جبکہ گلیوں بازاروں میں نعرۂ تکبیر بھی لگائے جاتے ہیں۔ اس موقع پر دیئے بھی جلائے جاتے ہیں اسی طرح گھروں کے دروازوں اور دو بچوں میں موم بتیاں، لال ٹینیں اور دیئے جلا کر رکھے جاتے ہیں جو بہت خوبصورت نظارہ پیش کرتے ہیں۔ انڈونیشیا میں یہ عید نہ صرف خوشیاں منانے کا نام ہے بلکہ اس میں پرانے گناہوں اور دشمنوں کو بھی معافی طلب کر کے ایک امن کا راستہ ہموار کیا جاتا ہے اور عید سے سب لوگ پرانی رنجشوں کو بھول کر نئے سرے سے اسلامی اخوت کے بندھن میں بندھ جاتے ہیں۔


نائیجیریا

نائیجیریا میں عید کو ‘چھوٹی صلوة’ کانام دیا جاتا ہے اور لوگ مل کر اس دن کو مناتے ہیں، اس موقع پر تین دن کی تعطیلات بھی دی جاتی ہیں۔


آسٹریلیا

آسٹریلیا اگرچہ غیر مسلم ملک ہے مگر یہاں کے مسلمان مکمل آزادی کے ساتھ عید کا تہوار مناتے ہیں اور انہیں عید الفطر کے موقع پر ایک دن کی خصوصی چھٹی بھی دی جاتی ہے۔ بڑی تعداد میں مسلمان مساجد میں جمع ہو کر عید کی نماز ادا کرتے ہیں اس موقع پر پولیس شاہرائیں بلاک کر کے ٹریفک کا رخ موڑ دے دیتے ہیں، سڈنی میں 1987 سے عید الفطر کو کثیرالثقافتی فیسٹیول کے طور پر منایا جاتا ہے اور لاکھوں مسلم و غیر مسلم افراد ملک کر اسے مناتے ہیں۔ اب یہ سلسلہ آسٹریلیا کے مختلف شہروں تک پھیل چکا ہے اور سب سے بڑا عید میلہ میلبورن میں لگایا جاتا ہے جو ایک ہفتے تک جاری رہتا ہے۔


ترکی

ترکی میں عید کے موقع پر قومی چھٹی ہوتی ہے، ترکی میں بزرگوں کے دائیں ہاتھ کو بوسہ دے کر ان کی تکریم کی جاتی ہے۔ بچے اپنے رشتہ داروں کے ہاں جاتے ہیں اور عید کی مبارکباد دیتے ہیں۔ جہاں انہیں تحائف ملتے ہیں۔ عید کا پہلا دن بہت خصوصیت کا حامل ہوتا ہے، مرد مساجد میں نماز ادا کرتے ہیں۔ عید کے موقع پر ترک لوگ بکلاوا نامی مٹھائی تقسیم کرتے ہیں، اس کے علاوہ چاکلیٹس اور رقم بھی تحائف کی صورت تقسیم کی جاتی ہیں۔


میانمار

میانمار کے مسلمان صرف ایک دن کی عید مناتے ہیں جو اسے عید نئی (عید کا دن)، عید کا لے (چھوٹی عید) یا شائی مائی عید ( میٹھی عید) کہتے ہیں۔ رمضان المبارک کے دوران برمی مسلم نوجوان گائیکی کی ٹیمیں تشکیل دیتے ہیں جنہیں ‘جاگو’ کہا جاتا ہے۔ جاگو ٹیمیں عام طور پر موسیقی کے آلات استعمال نہیں کرتیں۔ وہ ماﺅتھ آرگن استعمال کر کے سحری کے دوران لوگوں کو اٹھاتے ہیں۔ یہ عید کے روز ہر گھر پر دستک دیتے ہیں جہاں سے وہ عیدی لیتے ہیں۔

اگرچہ برما میں عید کے موقع پر قومی تعطیل نہیں ہوتی تاہم مالکان کی جانب سے مسلمان ملازمین کو خصوصی چھٹی دی جاتی ہے تاہم یہاں کوئی رویت ہلال کمیٹی نہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر الگ الگ اوقات میں عید منائی جاتی ہے۔ بڑے رشتے داروں کی جانب سے چھوٹوں کو تحائف دیئے جاتے ہیں اور نئے کپڑے تیار کئے جاتے ہیں، یہاں تک کہ اجنبی بھی ان سجے سنورے بچوں کو عیدی دیتے نظر آتے ہیں۔


صومالیہ

عید الفطر صومالیہ اور قرن افریقہ کے مسلمان روایتی جوش و خروش سے مناتے ہیں، اس موقع پر ضیافتوں کے ذریعے پیاروں کو اکھٹا کیا جاتا ہے اور خصوصی پکوان جیسے حلوہ پیش کیا جاتا ہے۔


برطانیہ

اگرچہ برطانیہ میں عیدالفطر قومی تعطیل کا دن نہیں مگر یہاں بیشتر مسلمان صبح نماز ادا کرتے ہیں اس موقع پر مقامی دفاتر اور اسکولوں میں مسلم برادری کو حاضری سے استثنیٰ دیا جاتا ہے۔ جنوبی ایشیائی مرد جبہ اور شیروانی میں ملبوس نظر آتے ہیں جبکہ خواتین شلوار قمیض سے عید کا آغاز کرتی ہیں اور مقامی مساجد میں نماز ادا کر کے دوسروں سے ملا جاتا ہے۔ عید کے موقع پر مسلم اپنے رشتے داروں اور دوستوں سے میل ملاقات کر کے عید کی مبارکباد دیتے ہیں جبکہ اپنے پیاروں میں روایتی پکوان اور مٹھائیاں بھی تقسیم کئے جاتے ہیں۔