کھیل

سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر قومی ٹیم کے ڈائریکٹر تعینات

میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ دوبارہ منسلک ہونے پر پرجوش ہوں اور ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں، مکی آرتھر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا ڈائریکٹر عہدے پر تقرر کردیا ہے۔

پی سی بی کی طرف سے جارہ کردہ اعلامیے کے مطابق مکی آرتھر کو دی گئی نئی ذمہ داریکے تحت وہ پاکستان ٹیم کے لیے حکمت عملیوں کی ترتیب اور تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ نگرانی بھی کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق 54 سالہ سابق کرکٹر اور کوچ مکی آرتھر آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2023 ، آسٹریلیا کے دورے اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کے لیے کوچنگ اسٹاف میں بھی شامل ہوں گے، علاوہ ازیں وہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کے میچوں میں بھی ٹیم کے ساتھ موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ 2016 سے 2019 کے دوران مکی آرتھر نے قومی ٹیم کی کوچنگ کی تھی اور اس دوران پاکستان نے آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2017 اپنے نام کی تھی۔

پی سی بی کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ ’مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ مکی آرتھر نے نئی ذمہ داری کے ساتھ باضابطہ طور پر پاکستان مینز کرکٹ ٹیم میں شمولیت اختیار کرلی ہے جس میں وہ تمام فارمیٹس میں حکمت عملی تشکیل دینے اور اس پر عملدرآمد کے ذمہ دار ہوں گے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ مکی آرتھر قومی ٹیم کلچر بہتر بنانے، مستقبل کے اسٹارز کی شناخت کرکے انہیں تربیت دینے کے بھی ذمہ دار ہوں گے تاکہ ہم اپنی بینچ کو مزید مضبوط کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے گزشتہ دور میں پاکستان میں رہنے اور کام کرنے کی وجہ سے مکی آرتھر موجودہ کھلاڑیوں، اسٹرکچر اور سسٹم سے واقف ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ گزشتہ ذمے دارایوں کے دوران سیکھی گئی چیزوں سے استفادہ کرتے ہوئے کامیابی سے دوسری مدت مکمل کریں گے۔

ادھر ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہا کہ ’میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ دوبارہ منسلک ہونے پر پرجوش ہوں اور ٹیم کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس میں تمام فارمیٹس میں نمبر ون ہونے کی صلاحیت ہے اور میری کوشش ہے کہ حکمت عملی ترتیب دے کر ایک ایسا ماحول بنایا جائے جو ان کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے میں مدد کرے تاکہ ہم ان میں سے بہترین کا انتخاب کر سکیں۔

صدر کا وزیراعظم کو خط، نگران حکومتوں کے 90 دن سے زائد قیام کی قانونی حیثیت پر اظہارِ تشویش

سوتیلی بیٹی سے محبت کرنے پر جاوید شیخ، سائرہ یوسف کے معترف

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ٹرک پر حملہ، پانچ فوجی ہلاک