پاکستان

میاں جلیل شرق پوری نے عمران خان کو ملک چھوڑنے کا مشورہ دے دیا

کوئی ادارہ آپ کی حفاظت نہیں کرسکتا، لوگوں کو آپ سے بہت امیدیں ہیں، تمام مذہبی جماعتیں آپ پر بھروسہ کرتی ہیں، سابق رکن اسمبلی

سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں جلیل شرق پوری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پر زور دیا ہے کہ وہ ملک چھوڑ دیں کیونکہ وہ یہاں محفوظ نہیں ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق شرق پور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ یہاں محفوظ نہیں ہیں، آپ ملک چھوڑ دیں، اسی میں ملک کی بقا ہے۔

میاں جلیل شرق پوری نے مزید کہا کہ کوئی ادارہ آپ کی حفاظت نہیں کرسکتا، لوگوں کو آپ سے بہت امیدیں ہیں، تمام مذہبی جماعتیں آپ پر بھروسہ کرتی ہیں۔

میاں جلیل شرق پوری گزشتہ عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے لیکن جلد ہی انہوں نے پارٹی میں ’باغی‘ کیمپ بنا لیا اور سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی حمایت کی، پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد انہوں نے باقاعدہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے اگلے 2 برس میں بھی انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے اور ایسی صورتحال میں سپریم کورٹ کیا کرسکتا ہے؟

میاں جلیل شرق پوری نے مزید کہا کہ ملک کے لوگ سنگین معاشی بحران میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، لوگ روزگار کے لیے ترس رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے پاکستان کی معیشت تباہ کی وہ ریاستی اداروں کو متنازع بنا رہے ہیں، وہ پاکستان کو لیبیا اور عراق کی طرح تباہ کرنا چاہتے ہیں۔

میاں جلیل شرق پوری نے عمران خان کے خلاف کیسز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ جعلی ہیں، پی ٹی آئی کے قائد آئین توڑنے والوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ: مقدمات کے اندراج، تادیبی کارروائی کے خلاف عمران خان کی درخواست فل کورٹ کو ارسال

’سپریم کورٹ کے کہنے پر قانون سازی ہوگی تو پارلیمنٹ کی آئینی بالادستی ختم‘

کووڈ-19 سے انتقال کرجانے والا شخص دو سال بعد گھر واپس لوٹ آیا، اہل خانہ حیران