کھیل

پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی اور شہروز کاشف نے نئی تاریخ رقم کردی

دونوں کوہ پیماؤں نے نیپال کی 8 ہزار 91 میٹر دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا سر کرکے تاریخ رقم کی۔

پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا کو سر کرنے والی پہلی پاکستانی بن گئیں جبکہ شہروز کاشف دنیا کی 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر کوہ پیما بن گئے ہیں۔

نائلہ کیانی نے نیپال کی 8 ہزار 91 میٹر دنیا کی دسویں بلند ترین چوٹی اناپورنا سر کرکے تاریخ رقم کی۔

اس خبر کی تصدیق نائلہ کیانی کے انسٹاگرام سے کی گئی۔

انہوں نے یہ کارنامہ پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کے ساتھ آج صبح ساڑھے 6 سے 7 بجے کے درمیان سرانجام دیا اور نیپال انا پورنا چوٹی سر کی۔

واضح رہے کہ نائلہ 8 ہزار میٹر سے بلند 4 چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں، وہ اس سے قبل کے ٹو، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو بھی سر کرچکی ہیں۔

نائلہ اپنے نیپال کے دورے کے دوران دنیا کا بلند ترین پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ بھی سر کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

شہروز کاشف دنیا کی 11 بلند ترین چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر کوہ پیما

پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف بھی ماؤنٹ اناپورنا سر کرنے والے پاکستان کے پہلے پاکستانی نوجوان ہیں۔

21 سالہ شہروز کاشف 8 ہزار میٹر سے بلند 11 چوٹیاں سر کرنے والے دنیا کے کم عمر کوہ پیما بن گئے ہیں۔

شہروز کو 8 ہزار 849 میٹر بلند دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ اور 8 ہزار 611 میٹر بلند کے ٹو سر کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے، اس کے علاوہ وہ لوٹسے، مکالو، مناسلو، براڈ چوٹی، نانگا پربت، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو بھی سرکرچکے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے پہلی مرتبہ 11 سال کی عمر میں چوٹی سر کی تھی جب انہوں نے 3 ہزار 885 میٹر بلند مکڑا چوٹی سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کوہ پیما سرباز خان، شہروز کاشف کا ایک اور کارنامہ، نیپال کی مکالو چوٹی سر کرلی

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے شہروز کاشف کو کم عمر ترین کوہ پیما تسلیم کر لیا

گیشر برم 2 سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما کی ’کے ٹو مہم‘ شروع