کرپشن کے مقدمے میں پرویز الہٰی کی 27 اپریل تک عبوری ضمانت منظور
انسداد بدعنوانی عدالت نے کرپشن کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
انسداد بدعنوانی عدالت کے جج علی رضا نے پرویز الہی کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
عدالت نے محکمہ انسداد بدعنوانی کو 27 اپریل تک پرویز الٰہی کی گرفتاری سے روک دیا۔
پرویز الٰہی عبوری ضمانت حاصل کرنے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی اور انہیں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا۔
خیال رہے کہ اینٹی کرپشن نےگزشتہ روز پرویز الٰہی سمیت دیگر کے خلاف کروڑوں روپے کی کرپشن کا مقدمہ درج کیا تھا۔
پرویز الٰہی کو الیکشن لڑنے کی اجازت
دوسری جانب الیکشن کمیشن کے ایپلیٹ ٹریبیونل سابق وزیر اعلیٰ پرویز الہی اور مونس الہی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل منظور کرلی۔
پرویز الہی اور مونس الہی نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں دائر کررکھی تھیں۔
جن میں الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر پی پی 32 گجرات کو فریق بنایا گیا تھا۔
الیکشن ٹریبونل نے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرنگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر پرویز الٰہی اور مونس الہیٰ کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔
جسٹس شہرام سرور نے پرویز الٰہی اور مونس الہی کی اپیلوں پر سماعت کی۔