پاکستان

میرے سیکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغوا کر لیا گیا، عمران خان کا دعویٰ

لندن پلان کے تحت نواز شریف کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی گئ، پلان کے تحت میرے قریبی ساتھیوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے، سابق وزیراعظم

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن پلان کے تحت مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو ہماری جماعت کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ جب علی امین کو اغوا کیا گیا تو ڈی پی او نے ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیشن جج کو کہا کہ وہ توہین عدالت کا چارج برداشت کر لیں گے لیکن علی امین گنڈا پور کو حراست میں ضرور لیں گے کیوں کہ ’اوپر سے‘ احکامات آئے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آج میرے سیکیورٹی انچارج افتخار گھمن کو اغوا کر لیا گیا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہ سب کچھ لندن پلان کا حصہ ہے جہاں نواز شریف کو پی ٹی آئی کو کچلنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب لندن پلان کے تحت آئین اور قانون کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے میرے قریبی لوگوں، میری قیادت کے ساتھ موجود لوگوں کو پاکستان بھر میں ہراساں کیا جا رہا ہے، اغوا کیا جا رہا ہے، تشدد کیا جا رہا ہے اور شرمناک مقدمات میں پھنسایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں پی ٹی آئی کے رہنما اظہر مشوانی اپنی گمشدگی کے ایک ہفتے بعد بخیر و عافیت گھر واپس پہنچ گئے تھے جب کہ ان کی گمشدگی کی خبر سامنے آنے کے بعد عمران خان نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’بہت ہوگیا‘ ساتھ ہی انہوں نے حکام پر پارٹی کارکن کو اغوا کرنے کا الزام لگایا تھا۔

سابق وزیراعظم نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ’بس بہت ہوگیا! پنجاب اور اسلام آباد میں پولیس تحریک انصاف کو ہدف بنانےکے لیے پوری ڈھٹائی سے قوانین کی دھجیاں اڑا رہی ہے، آج سہ پہر اظہر مشوانی کو لاہور سےاٹھا لیا گیا اور کہاں لے جایا گیا، اب تک معلوم نہیں۔

عمران خان کا سلسلہ وار ٹوئٹس میں کہنا تھا کہ ’حسان نیازی کوضمانت ملتےہی اٹھالیا گیا اور اسے قید میں رکھنے کے لیے ایک جھوٹا مقدمہ اس پر ڈال دیا گیا۔

قبل ازیں پی ٹی آئی نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ لاہور کے داتا گنج بخش ٹاؤن میں یونین کونسل کے صدر، پارٹی کارکن ملک قیصر کو بھی پولیس نے اس لیے اغوا کر لیا تھا کہ وہ 25 مارچ کو مینار پر ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے کی تیاریوں کے لیے سرگرمی سے کام کر رہے تھے۔

ایک اور پی ٹی آئی رہنما نے کہا تھا کہ ’ملک پر اغوا کاروں اور غداروں کی حکومت ہے حقیقی معنوں میں جنگل کا راج ہے، ملک بنانا ریپبلک بن گیا ہے۔‘

باجوڑ میں سیکیورٹی فورسز کی خفیہ کارروائی، تین دہشت گرد ہلاک

پاکستان کیلئے ورلڈ کپ میں چنائی، کولکتہ ترجیحی مقامات

کیا ہالی ووڈ اداکارجیسن موموا بولی ووڈ فلم میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کے ساتھ نظر آئیں گے؟