پاکستان

ہاؤسنگ ’اسکینڈل‘: اینٹی کرپشن نے پی ٹی آئی رہنما عمران اسمٰعیل اور عامر کیانی کو طلب کرلیا

دونوں رہنماؤں نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی جہاں تمام امور مناسب منصوبہ بندی کے بغیر سرانجام دیے گئے، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق گورنر سندھ اور رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران اسمٰعیل اور پارٹی کے سابق رکن قومی اسمبلی عامر محمود کیانی کو ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل میں 13 اپریل کو طلب کرلیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا مؤقف ہے کہ عمران اسمٰعیل اور عامر محمود کیانی نے مشترکہ طور پر راولپنڈی میں ایک غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنائی جہاں تمام امور مبینہ طور پر مناسب منصوبہ بندی کے بغیر سرانجام دیے گئے۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ان پر مذکورہ سوسائٹی میں موجودہ پلاٹوں سے زیادہ فائلیں بیچ کر لوگوں کو دھوکا دینے کا الزام عائد کیا۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے کہا کہ ملزمان کے پاس ہاؤسنگ سوسائٹی کا منظور شدہ نقشہ نہیں تھا جبکہ اس غیر منظور شدہ ہاؤسنگ اسکیم کی تشہیر کے لیے مہم اب بھی زور و شور سے جاری ہے۔

دونوں رہنماؤں کو اپنے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے 13 اپریل کو اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ لاہور آفس طلب کیا گیا ہے۔

دریں اثنا اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے پی ٹی آئی کے ایک اور سابق رکن قومی اسمبلی چوہدری طاہر اقبال کے خلاف بھی 22-2021 میں کرم پورہ کی مختلف گلیوں میں سیوریج بچھانے کے لیے وہاڑی لوکل گورنمنٹ کی گرانٹ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

چوہدری طاہر اقبال کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے 14 اپریل کو طلب کیا گیا ہے، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کا کہنا ہے کہ چوہدری طاہر اقبال نے مبینہ طور پر کچھ مقامی حکومتی عہدیداروں کی ملی بھگت سے پروجیکٹ کا سائٹ پلان تبدیل کیا اور پروجیکٹ کا ٹھیکہ اپنے پسندیدہ ٹھیکیدار کو دیا گیا۔

پاکستان کی معاشی نمو 0.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے، آئی ایم ایف

پانی میں رہنے کے بعد ہاتھوں اور پیروں پر جھریاں کیوں بن جاتی ہیں؟

اتحادی ممالک کو امریکی خفیہ دستاویز کی لیکس میں ’سنگین غلطیوں‘ پر تشویش