پاکستان

شمالی و جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن، دو دہشت گرد ہلاک

آپریشنز کے دوران ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا، مچھ میں دہشت گرد گروہ کو روکنے کے لیے کیے گئے آپریشن میں بھی دو عسکریت پسند مارے گئے۔

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی دو علیحدہ کارروائیوں کے دوران دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ جنوبی وزیرستان میں کارروائی کے دوران ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ہفتے کے روز شمالی وزیرستان کے ضلع رزمک میں فوجیوں اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، فوجیوں نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے مقام کا پتا کر ایک دہشت گرد کو جہنم واصل کردیا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان کے ضلع کراما کے علاقے میں ایک اور سخت مقابلے میں فوجیوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں پتا لگا کر ایک دہشت گرد مار دیا۔

تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے میں ضلع ہنگو سے تعلق رکھنے والے 32سالہ نائیک فضل جانان نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ علاقے سے دیگر دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لیے علاقے کی صفائی کا عمل جاری ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔

مچھ میں دو دہشت گرد ہلاک، ایک گرفتار

ادھر بلوچستان کے علاقے مچھ میں سرگرم ایک دہشت گرد گروہ کو روکنے کے لیے خفیہ اطلاع پر آپریشن شروع کیا گیا تھا، یہ دہشت گرد علاقے میں موجود شہریوں کو نشانہ بنانے کے علاوہ کوئلے کی کان کے مالکان کو ہراساں کر کے ان سے پیسے بٹورتے تھے۔

مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر پچھلے دو دنوں کے دوران دہشت گردوں کی طرف سے آنے والے علاقے میں مختلف راستوں پر کئی جگہوں پر گھات لگائی گئی تھی، نتیجتاً تین دہشت گردوں کی ایک ٹولی کو ان کے ٹھکانے کی جانب جاتے ہوئے روک لیا گیا تاہم راستہ روکے جانے پر انہوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ذخیرہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ دہشت گردوں کے باقی ساتھیوں کو پکڑنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

اس حوالے سے کہا گیا کہ پاک فوج قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔