پاکستان

بالاکوٹ میں پی ٹی آئی کارکن غداری کے الزام میں گرفتار

ہم نے نجم علی کو اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ریاست اور فوج مخالف مواد پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا ہے، ایس ایچ او طارق خان

بالاکوٹ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک عہدیدار نجم علی کو غداری کے الزام میں گرفتار کرلیا جو کہ حسہ ولیج کونسل میں یوتھ کونسلر بھی ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) طارق خان کی سربراہی میں ٹیم نے حسہ کے علاقے سے نجم علی کو گرفتار کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

ایس ایچ او طارق خان نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کارکن کو اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ریاست اور فوج مخالف مواد پوسٹ کرنے پر گرفتار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزم کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 120-بی، 123-اے/501 کے تحت گرفتار کرکے مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جج نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ زیرحراست ملزم لوگوں کو فوج کے اعلیٰ افسران کے خلاف بھڑکانے میں ملوث رہا ہے، ہمیں ملزم کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات ملیں، اسے گرفتار کرنے سے پہلے متعلقہ محکموں کے ذریعے ان کی تصدیق کی۔

دریں اثنا علاقہ رہائشیوں نے مانسہرہ تحصیل میونسپل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ بازاروں میں شاہراہ قراقرم کے ساتھ قائم تجاوزات کو ہٹایا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی اور خریداروں کی آمدورفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ایک مقامی رہائشی اجمل خان نے کہا کہ لوگ اور بالخصوص خواتین اور بچے خریداری کے لیے باآسانی گھوم پھر نہیں سکتے کیونکہ دکانداروں اور پتھارے والوں نے بازاروں میں فٹ پاتھوں اور سڑکوں کے کناروں پر قبضہ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد، شنکیاری، کشمیر اور لاری اڈہ کی سڑکوں پر فٹ پاتھوں پر دکانداروں نے قبضہ کر رکھا ہے، میونسپل اتھارٹی نے دکانداروں کو سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قبضہ کرنے کے لیے کھلی چھٹی دے رکھی ہے جس سے ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔

ایک اور مقامی شہری مبارک شاہ نے کہا کہ میونسپل اتھارٹی ماضی میں متعدد بار اعلانات کے باوجود انسداد تجاوزات مہم شروع کرنے میں تاحال ناکام رہی ہے۔

شنکیاری اور اس کے نواحی علاقوں کے لوگوں نے بھی تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں تعطل کی شکایت کی۔

ایک مقامی شہری زاہد خان نے بتایا کہ بفہ-پکھل میونسپل اتھارٹی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے عمارتوں اور دکانوں کے مالکان کو نوٹس بھی جاری کیے تھے لیکن ان پر توجہ نہیں دی گئی، حکام سے مطالبہ ہے کہ فوری طور پر تجاوزات کے خلاف مہم شروع کی جائے۔

لارجر بینچ کی تشکیل غلط اور اسے آئینی حیثیت حاصل نہیں تھی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ

یوٹیوبرز کی ایک ماہ میں کتنی آمدنی ہوتی ہے؟

ایران: ’بے حجاب‘ خواتین کی نشاندہی کیلئے عوامی مقامات پر کیمرے نصب