پاک فوج ملکی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر خطرات سے نمنٹنے کے لیے پُرعزم ہے، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر پاک فوج کے جوانوں اور افسران سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف عاصم منیر کو ایل او سی کی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں مقامی آبادی سے ہر ممکن تعاون کرنے، ثابت قدم رہنے اور انتہائی خلوص اور لگن کے ساتھ فرائض کی انجام دہی پر زور دیا۔
جنرل عاصم منیر نے مسلسل چوکس رہنے کے ساتھ ساتھ آپریشنل تیاریوں اور بلند حوصلے کو برقرار رکھنے پر افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ کشمیریوں کے منصفانہ مقصد کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں اور جموں و کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل چاہتے ہیں۔
قبل ازیں ایل او سی پر پہنچنے پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 3 دسمبر کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بھارتی عہدیدار کی جانب سے گلگت بلتستان اور آزاد جموں اور کشمیر پر قبضے کے حوالے سے دیے گئے متنازع بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ پاک فوج دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے ’ہمہ وقت‘ تیار ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ نئے آرمی چیف نے بھارتی عہدیدار کے بیانات پر ردعمل دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور فرنٹ لائن پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور کہا کہ فوج نے بھارتی قیادت کی جانب سے حال ہی میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں اور کشمیر کے حوالے سے دیے گئے انتہائی غیرذمہ دارانہ بیان کا نوٹس لیا ہے۔