جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کی خفیہ اطلاع پر کارروائی، 8 دہشت گرد ہلاک، سپاہی شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے شنوارسک میں خفیہ اطلاع پر کیے گئے آپریشن کے دوران 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ ایک سپاہی شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آپریشن کے دوران فوجی جوانوں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پاک فوج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد کمانڈر جان محمد عرف چراغ سمیت 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے گئے دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ڈسٹرکٹ راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 31 سالہ سپاہی حامد رسول نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جب کہ دو جوانوں سمیت چار اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اپریل کو خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا جبکہ اسی روز آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ بلوچستان کے ضلع سبی کے علاقے نوشمان میں خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی گئی تھی جہاں ایک دہشت گرد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بریگیڈیئر مصطفیٰ کمال برکی شہید ہو گئے تھے جبکہ سات سپاہی زخمی بھی ہوئے تھے۔
اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں 20 اور 21 مارچ کی درمیانی شب ڈیرہ اسمٰعیل خان کے علاقے کھٹی میں دہشت گردوں نے پولیس چوکی پر فائرنگ کی جس کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے تمام خارجی راستے بند کردیے، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے تین جوان شہید ہو گئے جبکہ تین دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
یاد رہے کہ ملک میں ایک عرصے سے دہشت گردوں کی جانب سے کارروائیوں بالخصوص سیکیورٹی فورسز اور پولیس کو نشانہ بنانے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں سے چھٹکارا پانے کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔
16مارچ کو خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی گئی کارروائی میں 8 دہشت گرد ہلاک جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر دو بچے شہید ہوگئے تھے۔
اس سے قبل سیکیورٹی فورسز نے 10 مارچ کو خیبرپختونخوا کے دو اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں کارروائی کی تھی اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔
ایک اور کارروائی 8 مارچ کو بھی کی گئی تھی جس میں سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔