کراچی: 6 سالہ بچی ریپ کے بعد قتل، لاش نالے سے برآمد
کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں لاپتا ہونے والی بچی کی لاش نالے سے برآمد ہو گئی جسے قتل کرنے سے قبل ریپ کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ روز افطار سے قبل 6 سالہ بچی لاپتا ہوگئی تھی اور آج اسی علاقے میں ایک گٹر نالے سے اس کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید کا کہنا تھا کہ بچی کی لاش عباسی شہید ہسپتال منتقل کی گئی جہاں یہ تصدیق ہوئی کہ قتل سے قبل بچی کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
پولیس سرجن نے کہا کہ معائنہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ بچی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے اور بچی کے تمام نمونے لے کر محفوظ کر لیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی اپنے والد سے ملنے کے لیے گھر سے نکلی تھی جو پڑوس میں کام کر رہے تھے اور وہاں سے بچی کو اغوا کرکے ریپ کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کر دیا گیا اور لاش نالے میں پھینک دی گئی۔
ایس ایس پی فیصل بشیر میمن نے کہا کہ آج صبح بچی کی لاش نالے سے برآمد ہوئی جہاں ابتدائی طور پر یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ وہ گٹر میں گرنے سے جاں بحق ہوئی ہے۔
بعدازاں جب لاش ہسپتال منتقل کی گئی تو خاتون ڈاکٹر نے اس بات کی تصدیق کی کہ بچی کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایس ایس پی نے کہا کہ گزشتہ روز جب بچی لاپتا ہوئی تو اہل خانہ نے کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایس ایچ او کو اہل خانہ سے مل کر ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور ملوث ملزم یا ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 11 مارچ کو کراچی کے علاقے کورنگی میں 9 سالہ خصوصی بچے کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا تھا جبکہ پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔
زمان ٹاؤن پولیس نے بتایا تھا کہ بچے کی لاش پارکنگ میں کھڑی سوزوکی کلٹس کار کی پچھلی نشست سے برآمد ہوئی، بچے کا جسم نیلا پڑا ہوا تھا اور منہ سے جھاگ نکل رہا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ موت کی وجہ جاننے کے لیے لاش جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دی گئی۔