فروری میں خدمات کی برآمدات میں 5.40 فیصد کمی
فروری میں خدمات کی برآمدات 5.40 فیصد کم ہوئی، جس میں گزشتہ مہینے معمولی مثبت نمو ریکارڈ کی گئی تھی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ وفاقی ادارہ شماریات (پی بی ایس) کے مطابق فروری میں خدمات کی برآمدات گر کر 54 کروڑ 31 لاکھ ڈالر رہ گئیں جو گزشتہ برس کے اسی مہینے میں 57 کروڑ 41 لاکھ ڈالر تھیں۔
مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 8 مہینے میں خدمات کی برآمدات میں 6.09 فیصد تنزلی ہوئی، جولائی سے فروری کے دوران خدمات کی برآمدات 4 ارب 48 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو پچھلے سال کے اسی عرصے میں 4 ارب 77 کروڑ ڈالر تھیں۔
جبکہ خدمات کی درآمدات میں رواں مالی سال کے ابتدائی 8 مہینے میں 49.15 فیصد اضافے کے بعد 7 ارب 64 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں جو گزشتہ برس اسی مدت کے دوران 5 ارب 12 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔
فروری میں خدمات کی درآمدات 55.67 فیصد بڑھ کر 95 کروڑ 41 لاکھ ڈالر ہو گئیں جو پچھلے سال اسی مہینے 61 کروڑ 29 لاکھ ڈالر تھیں، ابتدائی 8 ماہ کے دوران تجارتی خسارہ 34 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں بڑھ کر 3 ارب 14 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی برآمدات میں مسلسل ساتویں مہینے تنزلی ہوئی جو مارچ میں سال بہ سال 14.76 فیصد کم ہو کر 2 ارب 36 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 23-2022 کے ابتدائی 9 مہینوں (جولائی تا مارچ) میں برآمدات 9.87 فیصد کمی کے بعد 21 ارب 4 کروڑ ڈالر رہ گئیں جو گزشتہ سال کی اس مدت میں 23 ارب 35 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔