کھیل

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کیلئے پاکستانی اسکواڈز کا اعلان

بابر اعظم دونوں سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں، شاہین شاہ آفریدی کی فٹ ہو کر قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
Welcome

پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز کے لیے اپنے اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے اور شاہین شاہ آفریدی کی چار ماہ بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی20 اور ون ڈے میچوں کی سیریز 14 اپریل سے 7 مئی تک راولپنڈی، لاہور اور کراچی میں کھیلی جائے گی اور ان دونوں سیریز کے لیے بابر اعظم کی بطور کپتان واپسی ہو گی۔

انجری کے سبب نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے ساتھ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے اور ٹی20 سیریز میں شرکت سے محروم رہنے والے شاہین شاہ آفریدی کی قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے تاہم پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں عمدہ کارکردگی دکھا کر اپنی فٹنس اور فارم ثابت کی۔

شاہین کے علاوہ بابر اعظم، فخر زمان، حارث رؤف اور محمد رضوان کی بھی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جنہیں افغانستان کے خلاف تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے آرام کا موقع دیا گیا تھا۔

افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے شاداب خان کو قیادت سونپی گئی تھی لیکن بابر اعظم کی بطور کپتان واپسی کے بعد شاداب خان اب دوبارہ نائب کپتان کی ذمے داریاں نبھائیں گے۔

افغانستان کے خلاف سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے احسان اللہ، زمان خان اور صائم ایوب کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بھی ٹی20 اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے جبکہ احسان اللہ پہلی مرتبہ ون ڈے اسکواڈ میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔

اسکواڈ چھ اپریل کو لاہور میں جمع ہو گا اور 7 اپریل سے ٹریننگ کا آغاز کرے گا۔

دونوں سیریز کے لیے اسکواڈز ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

ٹی20 اسکواڈ: بابر اعظم(کپتان)، شاداب خان، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، افتخار احمد، احسان اللہ، عماد وسیم، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور زمان خان۔

ون ڈے اسکواڈ: بابر اعظم(کپتان)، شاداب خان، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، حارث سہیل، احسان اللہ، امام الحق، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 14اپریل کو لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیمیں دوسرے اور تیسرے ٹی20 میچ میں 15 اور 17اپریل کو مدمقابل ہوں گی۔

سیریز کا چوتھا اور پانچواں ٹی20 میچ راولپنڈی میچ 20 اور 24اپریل کو کھیلا جائے گا۔

اس کے بعد سیریز کے ابتدائی دو ون ڈے میچ بھی راولپنڈی میں 27 اور 29 اپریل کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد آخری تینوں میچوں کی میزبانی کراچی کا نیشنل اسٹیڈیم تین، پانچ اور 7 مئی کو کرے گا۔