پاکستان

عمران خان کی مقدمات کے اخراج کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ 3 اپریل کو سابق وزیر اعظم کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
|

سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف درج مقدمات کے اخراج کے لیے دائر درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں لاہور ہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ 3 اپریل کو عمران خان کی درخواست پر سماعت کرے گا جب کہ سابق وزیراعظم نے آئینی درخواست بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر کی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی درخواست میں وفاق، حکومت پنجاب، ایف آئی اے اور نیب سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سیاسی بنیادوں پر ایک ہی نوعیت کے مقدمات درج کر کے ہراساں کیا جارہا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک سو سے زائد کیسز درج کے اختیارات کا غیر قانونی استعمال کیا جا رہا ہے ، 121 جھوٹے مقدمات درج کر دیے گئے ہیں، یہ آئین کے آرٹیکل 4 ، 9، 15، 16 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائی کورٹ ان تمام مقدمات کو خارج کرنے کا حکم دے، عدالت عالیہ عمران خان کے خلاف درج تمام مقدمات کا تفصیلی ریکارڈ طلب کرے اور کیس کے حتمی فیصلے تک درج مقدمات میں کارروائی سے روکا جائے۔

اس کے ساتھ ہی درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ کارروائی سے پہلے درخواست گزار کو نوٹس دے کر سننے کا موقع فراہم کرنے کا حکم دیا جائے اور عدالت گرفتار تمام سیاسی کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم بھی دے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آخر میں فواد چوہدری نے کہا تھا اس وقت تک عمران خان سمیت پی ٹی آئی کی سینیئر قیادت پر 143 مقدمات درج کیے گئے ہیں، مزید کہا کہ 21 مارچ تک 1060 افراد زیر حراست تھے جن کی فہرست ہم نے عدالت کو دے دی ہی جبکہ اب 11 سو افراد مزید گرفتار ہیں جن کی فہرست بھی اب دے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے خلاف 29 مقدمات درج کیے گئے جن میں سے 15 مقدمات ایک دن میں درج کیے گئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ یہ جو سارا کچھ ہو رہا ہے اس کا 90 فیصد پنجاب اور اسلام آباد میں ہو رہا ہے، ہم آئی جی پنجاب، آئی جی اسلام آباد اور متعلقہ افسران سمیت پنجاب کی کابینہ کے خلاف مقدمات درج کرانے جارہے ہیں۔

چار سالہ بچے نے کتاب لکھ کر سب کو حیران کردیا

ہنڈرڈ لیگ میں شامل نہ کیے جانے پر نامور کھلاڑی بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آگئے

پاکستان اور اسرائیل کے درمیان تجارت کی افواہیں ’پروپیگنڈا‘ قرار