کھیل

مکی آرتھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت میں کام کیلئے پرجوش

ڈربی شائر کے ساتھ 4 سالہ معاہدہ اور ابھی ایک سال ہوا ہے لیکن پاکستان بھی میرے لیے عزیز ہے اور اپنی ذمہ داری کے لیے پرجوش ہوں، مکی آرتھر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کنسلٹنٹ کی حیثیت سے ایک دفعہ پھر ٹیم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مکی آرتھر قومی ٹیم کے ساتھ نئی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

گوکہ مکی آرتھر ٹیم کی تیاریوں میں ان کے ساتھ میدان میں نہیں ہوں گے لیکن کوچز کے گروپ کو ہدایات دیں گے جو ٹیم کو تیار کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی سربراہی میں بورڈ نے مکی آرتھر کو ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کی سرتوڑ کوششیں کی تھیں لیکن آرتھر انگلش کاؤنٹی ڈربی شائر کے ساتھ 4 سالہ معاہدے کی وجہ سے دستیاب نہیں تھے۔

پی سی بی نے مکی آرتھر کو ان کے معاہدے کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں قومی ٹیم کے کنسلٹنٹ کا عہدہ دے دیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفور کو ایک انٹرویو میں مکی آرتھر نے کہا کہ ’میں یہ موقع ملنے پر بہت خوش ہوں کیونکہ پاکستان میرے لیے بہت عزیز ہے لیکن ڈربی شائر بھی ایسے ہی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ نجم سیٹھی نے جب میرے ساتھ بات کی تو میں ان کو جو باتیں کہتا رہا ان میں سے ایک یہ تھی کہ ڈربی شائر درحقیقت میں لیے بہت اہم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں میرا چار سال کا معاہدہ ہے اور مجھے اس منصوبے میں ابھی صرف ایک سال ہوا ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ میں اپنا منصوبہ اور شیڈول ترتیب دے چکا ہوں، میں جانتا ہوں کہ یہ ناممکن ہے لیکن ہم اس وقت سے گزر رہے ہیں۔

اس سے قبل جب مکی آرتھر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے تو اس وقت ٹیم ایک تبدیلی کے مرحلے سےگزر رہی تھی، بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان ابھرتے ہوئے کھلاڑی تھے جو اب سپر اسٹار بن چکے ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ میں ان تمام کھلاڑیوں سے کسی طرح رابطے میں رہا، میں نے ان اپنے سامنے ابھرتے ہوئے دیکھا، جب میں ان کے ساتھ تھا اس وقت چیلنج یہ تھا کہ وہ نوجوان تھے اور وہ اب سنجیدہ کھلاڑی بن چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کو منظم کرنا بہت اہم ہوگا لیکن میرے ان سب کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں اور میں بے تابی سے اس کا انتظار کر رہا ہوں۔

مکی آرتھر کا اگلے ماہ لاہور کے دورے کا امکان ہے لیکن ان کا قیام زیادہ طویل نہیں ہوگا۔

بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کے دوران مکی آرتھر ٹیم کی رہنمائی کے دستیاب ہوں گے۔

قومی ٹیم کے کوچنگ عملے کی سربراہی ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن کریں گے اور ان کے ساتھ بیٹنگ کوچ اینڈریو پوٹیک اور مورنے موکل باؤلنگ کوچ ہوں گے جبکہ کلف ڈیکون فزیو اور ڈریکوس سائیمون اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کے طور پر پہلے ہی ٹیم کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

اداروں کے خلاف اکسانے کا کیس: شہباز گل پر فردِ جرم پھر مؤخر

پنجاب کی نگران کابینہ کا سیاسی بنیادوں پر کی گئیں بھرتیاں منسوخ کرنے کا فیصلہ

آئی ایم ایف نے یوکرین کیلئے 15.6 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی