چیلسی مسلمانوں کیلئے افطار کا اہتمام کرنے والا انگلش پریمیئر لیگ کا پہلا کلب بن گیا
انگلش پریمیئر لیگ کے مشہور زمانہ چیلسی فٹبال کلب نے مذہبی رواداری کے فروغ کے لیے کلب کے اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر افطار کا اہتمام کیا۔
اس افطار کا اہتمام برطانوی فلاحی ادارے رمضان ٹینٹ پراجیکٹ کے اشتراک سے کیا گیا جہاں اس تنظیم کا مقصد مختلف برادریوں کو قریب لانا اور رمضان کے پیغام کو پھیلانا ہے۔
چیلسی انگلش پریمیئر لیگ کا پہلا کلب ہے جس نے مسلمان برادری کے لیے افطار کا اہتمام کیا ہے
چیلسی کے اسٹیمسفورڈ برج اسٹیڈیم میں تقریب کا آغاز فلاحی تنظیم کے ایڈوائزری بورڈ کے رکن داؤشن حمزہ کی تقریر سے ہوا جس کے بعد چیلسی فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈینیئل فنکیلسٹن کے ساتھ ساتھ چیلسی کے سابق کھلاڑی پال کنوولی نے بھی اظہار خیال کیا۔
ڈینیئل فنکیلسٹن نے کہا کہ ہم مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے اپنے سپورٹر کی بدولت ایک بڑی کمیونٹی ہیں اور ہم ہر ایک مداح کی عزت، احترام اور ان کی خوشی میں شریک ہونا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افطار کی میزبانی کرنے والا پہلا پریمیئر لیگ کلب بننا بہت خاص ہے اور ایک ایسی چیز ہے جس پر ہمیں بہت فخر ہے۔
اس افطار کا اہتمام ایک ایسے موقع پر کیا گیا جب رمضان ٹینٹ پراجیکٹ نے اس سال اپنے 10سال مکمل کیے ہیں۔
افطار میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس کے بعد عمران ابوالحسن نے نماز پڑھائی۔
یہ تقریب چیلسی اور فاؤنڈیشن کی نسل پرستی اور امتیازی سلوک کے خلاف مہم کا حصہ تھی۔