پاکستان

کراچی: گیس لیکیج کے باعث دھماکا، مکان جزوی طور پر منہدم، ایک شخص زخمی

رات کے وقت گھر میں کوئی مکین چولہا بند کرنا بھول گیا تھا جس کی وجہ سے گراؤنڈ فلور میں گیس بھر گئی تھی۔

کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں واقع گھر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکا ہوگیا جس کے سبب مالک مکان زخمی جبکہ گھر جزوی طور پر منہدم ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق جوہرآباد کے ایس ایچ او راجا افضل نے تصدیق کی کہ دھماکا فیڈرل بی اریا کے بلاک 14 میں واقع ایک گھر میں گیس لیکیج کے باعث ہوا۔

دھماکے کی آواز میلوں دور تک سنی گئی جس سے لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، دھماکے کے بعد پولیس، رینجرز اور ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

40 سالہ زخمی شہری کی شناخت ارشد کے نام سے ہوئی جسے علاج کے لیے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم کو دھماکے کی نوعیت اور نقصانات کا اندازہ لگانے کے لیے طلب کرلیا تھا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے حوالے سے علاقے کے ایس ایچ او نے بتایا کہ مکان کا گراؤنڈ فلور مکمل طور پر تباہ ہو گیا جبکہ پہلی منزل کو بھی کافی نقصان پہنچا، پہلی منزل پر صرف ایک کمرہ سلامت رہ گیا ہے جو کسی بھی وقت گر سکتا ہے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق رات کے وقت گھر میں کوئی مکین چولہا بند کرنا بھول گیا تھا جس کی وجہ سے گراؤنڈ فلور میں گیس بھر گئی تھی، دھماکا اس وقت ہوا جب صبح کسی نے ماچس جلائی۔

پولیس نے واقعہ کو حادثہ قرار دے دیا، علاقے کے ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے شہری انتظامیہ سے تباہ شدہ مکان کا کنٹرول سنبھالنے کو کہا ہےکیونکہ پہلی منزل پر رہنے والا خاندان اسے خالی کرنے کو تیار نہیں ہے۔

معاہدے کی تکمیل کیلئے دیگرشراکت داروں سے یقین دہانی ’ضروری‘ ہے، آئی ایم ایف

جنوبی کوریا: زیبرا چڑیا گھر سے فرار، سڑکوں پر بھٹکتا رہا، ویڈیو وائرل

بھارتی پنجاب میں متنازع سکھ رہنما کی تلاش کی کوششیں اب تک جاری